’پینڈورا باکس‘ کھول دیا، روس حساس معاشی شعبوں کو نشانہ بنائے گا، پیوٹن کا یوکرین کو انتباہ

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین نے روس کے معاشی اہداف پر حملے کرکے ’پینڈورا باکس‘ کھول دیا ہے اور اب ماسکو یوکرین کے حساس ترین معاشی شعبوں کو نشانہ بنا کر جوابی کارروائی کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق پیوٹن نے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کیف حکومت نے روسی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور اسی اقدام کے نتیجے میں اس نے ایسے راستے کھول دیے ہیں جن کے نتائج اسے خود بھگتنا ہوں گے۔

یوکرین نے رواں موسم گرما میں روس کے معاشی انفرااسٹرکچر کے خلاف ڈرون حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ ان حملوں میں تیل کی ریفائنریوں، آن لائن ریٹیل کمپنیوں کے گوداموں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ کیف کا مؤقف ہے کہ یہ تنصیبات روس کی جنگی کوششوں کے لیے اہم ہیں۔

روس نے بھی جواباً یوکرین کے معاشی انفرااسٹرکچر پر حملے کیے ہیں، جن میں بحیرہ اسود کے ذریعے یوکرینی اناج کی برآمد سے متعلق تنصیبات بھی شامل ہیں۔

پیوٹن نے کہا کہ روسی حملوں سے یوکرین کی زرعی برآمدات کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم عالمی منڈی میں خوراک کی قلت پیدا نہیں ہوگی کیونکہ روس یوکرین کی برآمدات کی کمی پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

روسی صدر کے مطابق ماسکو کو اپنی مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات ضرور درپیش ہیں لیکن انہیں حل کرلیا جائے گا اور عالمی منڈی میں خوراک کی قلت پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 3 روزہ روس یوکرین جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے کا اعلان

پیوٹن نے ایک بار پھر کہا کہ روس امن مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم بات چیت ’میدانِ جنگ کی حقیقی صورتحال‘ کی بنیاد پر ہونی چاہیے، نہ کہ ان تجاویز پر جنہیں انہوں نے یوکرین کی جانب سے ’غیر معمولی‘ قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp