آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت ہوا، جس میں 46 نو منتخب ارکان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔
اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔
حلف برداری کے ساتھ آزاد کشمیر کی نئی منتخب اسمبلی کی تشکیل کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا جبکہ نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی کی آئینی و پارلیمانی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
ایوان میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر مسلم لیگ ن کے 31 ممبران اسمبلی نے حلف اٹھایا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 14 نومنتخب ممبران اسمبلی نے بھی رکنیت کا حلف اٹھایا۔
جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے ایک رکن ساجد اقبال نے بھی اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا ہے۔
مسلم لیگ ن کو ساجد اقبال کے ساتھ اتحاد کے باعث 32 ووٹوں کے ساتھ اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے۔
مخصوص نشستوں پر بھی انتخاب مکمل
اس سے قبل آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا۔ مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن نے 6 جبکہ پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں۔
خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں مسلم لیگ ن نے 3 جبکہ پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ ن نے ٹیکنوکریٹ، علما و مشائخ اور اوورسیز کی مخصوص نشستیں بھی حاصل کرلیں۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل متوقع
نو منتخب ارکان کی حلف برداری مکمل ہونے کے بعد اب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل آزاد کشمیر اسمبلی میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کی حتمی منظوری قائد مسلم لیگ ن نواز شریف دیں گے۔













