ترین فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج لاہور میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح

پیر 24 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج لاہور میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج سول لائنز لاہور میں ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کردہ جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح علی خان ترین نے بطور مہمان خصوصی کیا۔ کمپیوٹر لیب کی تعمیر پر ایک کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طلبا کو بیرون ملک تعلیم کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، جہانگیر خان ترین

افتتاحی تقریب کے بعد علی خان ترین نے طلبہ سے گفتگو کی اور ان کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم قومی ترقی کی ضامن ہے، نوجوان نسل کو بہتر سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے بھرپور اور مؤثر انداز میں استفادہ کیا جا سکے۔

علی خان ترین نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم غیر معمولی اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

کھیلوں سے متعلق سوال کے جواب میں علی خان ترین نے کہا کہ پاکستان کو کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹ بال اور دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو ایسی سہولیات اور تربیتی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں جن کی مدد سے وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اسکول میل پروگرام کے تحت 90 ہزار بچے اسکول آئے، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

انہوں نے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چھوٹے انتظامی یونٹس کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور وسائل کی مساوی تقسیم سے عوام کے مسائل زیادہ بہتر انداز میں حل کیے جاسکتے ہیں، جس سے حکمرانی کے نظام میں بہتری آئے گی۔

علی خان ترین نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے مختلف علاقوں کی ترقی کو فروغ دینے اور ان کے درمیان معاشی فرق کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اورنگزیب نیازی نے کہا کہ حکومت اکیلے معاشرے کے تمام مسائل حل نہیں کرسکتی بلکہ اسے مختلف اداروں اور وسائل رکھنے والے افراد کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے شعبہ تعلیم میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فروغ تعلیم کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا انقلابی فیصلے کیے ہیں؟

ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اکبر خان نے بتایا کہ لاہور میں یہ فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کی جانے والی گیارہویں کمپیوٹر لیب ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کالج کے طلبہ جدید کمپیوٹر لیب کی سہولت سے بھرپور استفادہ کریں گے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔

ڈائریکٹر کالجز احسن مختار نے ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر لیب کا قیام طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیتوں میں اضافے اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبہ جدید لیب سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تعلیمی اور تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔

تقریب میں گروپ ڈائریکٹر فنانس جے ڈی ڈبلیو محمد رفیق، کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اورنگزیب نیازی، ڈی پی آئی انصر اظہر، ڈائریکٹر کالجز احسن مختار، ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اکبر خان سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp