یوٹیوب پریمئم صارفین کو اشتہارات سے پاک ویڈیوز دیکھنے کی سہولت کے عوض ستمبر سے زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگی۔ گوگل نے یورپ کے بعض ممالک اور سنگاپور میں یوٹیوب پریمیئم کی ماہانہ فیس میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تصدیق کردی ہے۔
نئی قیمتیں 23 ستمبر 2026 سے صارفین کے اگلے بلنگ چکر کے ساتھ لاگو ہوں گی۔ گوگل کے مطابق جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد ہوگی، ان سے نئی شرح کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی وی پر یوٹیوب دیکھنے کا انداز بدل گیا، اے آئی اسسٹنٹ والا نیا فیچر متعارف
رپورٹ کے مطابق بعض یورپی ممالک میں انفرادی یوٹیوب پریمیئم منصوبے کی ماہانہ قیمت 13.99 یورو سے بڑھ کر 15.99 یورو ہوجائے گی، جبکہ فن لینڈ میں صارفین کو اب 14.99 یورو کے بجائے 16.99 یورو ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔
رومانیہ میں انفرادی رکنیت کی ماہانہ فیس 29 رومانی لیو سے بڑھا کر 32 رومانی لیو کردی جائے گی۔
اسی طرح سنگاپور میں انفرادی منصوبے کی قیمت 13.98 سنگاپوری ڈالر سے بڑھ کر 15.98 ڈالر ماہانہ ہوجائے گی، جبکہ خاندانی منصوبے کی فیس 27.98 ڈالر سے بڑھا کر 31.98 ڈالر کردی جائے گی، جو اس مرحلے میں قیمتوں میں ہونے والے نمایاں ترین اضافوں میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کا ویوز شمار کرنے کا نیا معیار، 24 اگست سے اہم تبدیلی کا اعلان
گوگل کی جانب سے مختلف ممالک میں قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل امریکا میں بھی یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، جہاں بعض منصوبوں کی ماہانہ فیس میں 4 ڈالر تک اضافہ ہوا تھا۔
یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں عام طور پر بار بار اضافہ نہیں کیا جاتا، تاہم جب قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں تو مختلف ممالک میں یہ اضافہ ایک ہی وقت میں لاگو کرنے کے بجائے کئی ماہ کے دوران مرحلہ وار نافذ کیا جاتا ہے۔
گوگل کے مطابق تازہ اضافے کا اطلاق متعلقہ صارفین کی اگلی بلنگ تاریخ سے ہوگا جو 23 ستمبر 2026 یا اس کے بعد آتی ہے۔














