آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
شیڈول کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 25 اگست کو صبح 10 بجے سے 11 بجے تک جمع کرائے جائیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال صبح 11 بج کر 15 منٹ پر ہوگی، جبکہ امیدواروں کی فہرست 11 بج کر 30 منٹ تک جاری کردی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری وقت صبح 11 بج کر 45 منٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست دوپہر 12 بجے سامنے آئے گی۔
شیڈول کے مطابق اسپیکر کا انتخاب 25 اگست کو دوپہر 2 بجے اسمبلی اجلاس میں ہوگا، جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب دوپہر 3 بجے اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہوگا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 25 اگست کو دوپہر 2 بجے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کو اسپیکر کے لیے نامزد کردیا ہے، جبکہ احمد رضا قادری ڈپٹی اسپیکر ہو سکتے ہیں۔














