پمز اسپتال سانحہ، سویٹ ہوم متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، زمرد خان کا اعلان

بدھ 26 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سویٹ ہوم کے چیئرمین زمرد خان نے پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی دلخراش اور پوری قوم کے لیے افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں زمرد خان نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم نے سانحے سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کا آغاز کر دیا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

 انہوں نے اعلان کیا کہ سویٹ ہوم اپنی استطاعت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پمز اسپتال میں قیامت خیز آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق، وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

زمرد خان نے کہا کہ پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے انتہائی افسوسناک لمحہ ہے، معصوم بچوں کی ہلاکت نے ہر دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔

انہوں نے متاثرہ بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل عطا

 فرمائے۔

واضح رہے کہ بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کی تیسری منزل پر آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے متعدد افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

مزید پڑھیں: پمز اسپتال سانحہ: وزیراعظم کا نوٹس، واقعے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینے کا حکم

پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر عمران سکندر نے 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی اطلاعات میں کمپریسر میں خرابی کو ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم نے واقعے کی وجوہات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp