پمز اسپتال میں قیامت خیز آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق، وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

بدھ 26 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال کی تیسری منزل پر آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 15 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے متعدد افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر عمران سکندر نے 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی اطلاعات میں کمپریسر میں خرابی کو ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ صبح تقریباً 7 بجے پمز اسپتال کی تیسری منزل پر واقع مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر کے وارڈ میں لگی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، آگ پر قابو پانے کے لیے 6 فائر ٹینڈرز اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 19 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں 10 خواتین، 7 بچے اور 2 مرد شامل ہیں۔

ایک نومولود سمیت کئی افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا، جبکہ بچوں کو فوری طور پر آئی سی یو منتقل کیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ نرسری کے قریب کمپریسر میں خرابی کے باعث لگی اور ایئر کنڈیشننگ کمپریسر پھٹنے سے صورتحال سنگین ہوگئی۔

تاہم پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

کمیٹی آتشزدگی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی پمز اسپتال پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

 آگ پر قابو پانے کے بعد اسپتال میں کولنگ کا عمل بھی جاری رہا۔

صدر اور وزیراعظم کا اظہار افسوس، تحقیقات کی ہدایت

زیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دلخراش واقعے پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والا ایسا سانحہ ناقابلِ تلافی ہے، اس لیے واقعے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آتشزدگی کے واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے بھی پمزاسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے واقعے کے ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں، خصوصاً نومولود بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر فائر سیفٹی اور ہنگامی انتظامات یقینی بنائے جانے چاہئیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ المناک واقعے نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کیا ہے۔

 وزیراعظم کا شدید برہمی کا اظہار، وفاقی سیکریٹری صحت معطل

پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس جاری ہے، جس میں واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کے تعین کے حوالے سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی اور حفاظتی انتظامات سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم نے واقعے کی وجوہات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ واقعے کی جامع اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

پمز نرسری میں آتشزدگی کے واقعے میں متعدد نومولود بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp