لاہور کے فیصل چوک مال روڈ پر جماعت اسلامی کا مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنا جاری ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی دھرنے دیے جائیں گے۔
مال روڈ پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کو ’بھتہ خوری‘ قرار دیتے ہوئے حکمرانوں سے اپنی عیاشیاں ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل اور ظلم کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے، آئی پی پیز کے معاملے پر آواز اٹھائی تو حکومت کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینا پڑا، اب پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف بھی آواز بلند کی جا رہی ہے۔
Trend Campaign Alert 🚨
Join the nationwide conversation and make your voice count.
Today, we launch the 3 September Strike trend campaign to demand relief from unjust petroleum levy and excessive taxation that continue to burden the people of Pakistan.
Raise your voice,… pic.twitter.com/rBfVthriHz
— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) August 29, 2026
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے جا رہے تھے، تاہم حکومت نے باغ کو تالے لگا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی چاہے تو تالے توڑ کر اندر داخل ہوسکتی ہے، لیکن ایسا نہیں کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اجازت نہ دی گئی تو راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔ کراچی، حیدرآباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں بھی دھرنے جاری ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے ابتدا میں رابطہ کیا تھا اور جماعت اسلامی نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم اسے مذاکرات کی جلدی نہیں۔ حکومت اگر عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو بات چیت کے لیے آئے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، لانگ مارچ اور ہڑتال کی بھرپور تیاری جاری ہے، پورا پاکستان متحد ہوکر حکومت کے سامنے کھڑا ہوگا تو عوام کے مطالبات منوانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی 13 ربیع الاوّل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرے گی
حافظ نعیم الرحمان نے مختلف سرکاری شعبوں میں مبینہ کرپشن پر بھی سوالات اٹھائے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’قوم کو بھکاری بنانے کا پروگرام‘ قرار دیا۔
انہوں نے سرکاری اداروں میں کرپشن اور بااثر افراد کی جانب سے سرکاری ملازمین کی سہولتوں کے گھریلو استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں، جس کے باعث عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ کسی کا سر پھوڑتی ہے، نہ آگ لگاتی ہے اور نہ گملے توڑتی ہے، حکومت میں ہمت ہے تو دھرنے سے اٹھا کر دکھائے۔














