انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ہے۔
اس شاندار پرفارمنس کے ساتھ وہ لارڈز کے تاریخی میدان پر ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے 7 ویں پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ فاسٹ باؤلر نے انگلش بلے بازوں کو بے بس کرتے ہوئے 22 اوورز کرائے، جن میں 3 میڈن اوورز شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 389 رنز کا ہدف دے دیا
محمد عباس کے کیریئر کا یہ 32 واں ٹیسٹ میچ ہے اور ان کی 57 اننگز پر مشتمل ہسٹری میں یہ 8 واں موقع ہے جب انہوں نے کسی ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں اڑائی ہوں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار ریکارڈ
محمد عباس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز اپریل 2017 میں کنگسٹن، جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا۔
اپنی نپی تلی اور نکھری ہوئی باؤلنگ کے لیے مشہور اس کھلاڑی نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 22.25 کی بہترین اوسط سے 1121.3 اوورز کراتے ہوئے مجموعی طور پر 128 بلے بازوں کو آؤٹ کیا ہے، جو ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
لارڈز میں پاکستانی باؤلرز کی تاریخی کامیابیاں
کرکٹ کے گھر ‘لارڈز’ میں محمد عباس کی یہ پہلی 5 وکٹ کی پرفارمنس ہے، جس نے انہیں اس میدان پر یہ کارنامہ انجام دینے والے گنے چنے پاکستانی باؤلرز کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ سے قبل بابراعظم کی واپسی کے امکانات روشن، عمر گل نے پیشرفت بتادی
اس تاریخی فہرست کا آغاز جون 1954 میں مرحوم خان محمد نے کیا تھا، جنہوں نے پاکستان کے لیے 61 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ان کے بعد 1982 میں مدثر نذر نے 32 رنز کے عوض 6 شکار کیے، جبکہ 1992 میں وقار یونس نے 91 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لارڈز میں شاندار پرفارمنس دینے والوں کی اس فہرست میں 1996 میں 57 رنز پر 5 وکٹیں لینے والے مشتاق احمد، 2010 میں 84 رنز پر 6 وکٹیں لینے والے محمد عامر اور 2016 میں 72 رنز کے بدلے 6 وکٹیں اڑانے والے یاسر شاہ کا نام بھی شامل ہے۔














