لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 389 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 208 رنز پر مکمل کی، تاہم پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی 180 رنز کی برتری نے اسے پاکستان کے سامنے بڑا ہدف رکھنے کا موقع دیا۔
مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026 ٹرافی کی دبئی میں رونمائی
انگلینڈ نے ٹاس کے بعد اپنی پہلی اننگز میں 290 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 37.2 اوورز میں صرف 110 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
اس طرح انگلش ٹیم کو پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 180 رنز کی واضح برتری حاصل ہوئی، جو بعد میں مجموعی ہدف بڑھانے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دوسری اننگز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد عباس نے اس سے قبل پہلی اننگز میں بھی چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ خرم شہزاد اور محمد علی نے دوسری اننگز میں 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، تاہم پاکستانی بولرز کی کوششوں کے باوجود انگلینڈ 208 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
اس سے ایک روز قبل، یعنی تیسرے دن، خراب موسم نے کھیل کو بار بار متاثر کیا تھا۔
انگلینڈ نے دن کا آغاز 81 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر کیا، جبکہ اس وقت اسے مجموعی طور پر 261 رنز کی برتری حاصل تھی۔ بارش کے باعث ابتدائی سیشن متاثر ہونے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو محمد عباس نے جلد کامیابی دلائی اور ایمیلیو گے 31 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ہیری بروک اور لارنس نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، لیکن بارش نے ایک مرتبہ پھر کھیل روک دیا۔ کھیل معطل ہونے کے وقت انگلینڈ کا مجموعی اسکور دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز تھا اور پاکستان کے خلاف اس کی مجموعی برتری 279 رنز تک پہنچ چکی تھی۔
لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ اس وقت مضبوط پوزیشن میں تھا اور اس کی برتری پاکستان کی جانب سے انگلینڈ میں کسی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں بنائے گئے اب تک کے زیادہ سے زیادہ 234 رنز سے بھی تجاوز کر چکی تھی۔
اس سے قبل انگلش فاسٹ بولر اولی رابنسن نے پاکستان کی پہلی اننگز میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 13 اوورز میں 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھیں: ہیڈنگلے کی شکست سے قومی ٹیم نے کیا سیکھا اور اگلے میچ کے لیے کیا عزم کیا؟ امام الحق نے پلاننگ بتادی
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 389 رنز کے ہدف کے ساتھ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے ایک مشکل تعاقب کا سامنا ہے۔














