ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال برادرانہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی نغمہ ’دو دل، ایک جان‘ جاری کردیا۔
پاک ترک دوستی کے جذبے سے سرشار اس خصوصی نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ نغمے کے ذریعے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات، مشترکہ ثقافت، اقدار، بھائی چارے اور باہمی محبت کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
"دو دل، ایک جان"پاکستانی فنکاروں کی آواز میں پاک ترک دوستی کا خصوصی نغمہ جاری.آئی ایس پی آر نے ترکیہ کے 104 ویں یوم فتح پر منفرد نغمہ "دو دل ،ایک جان" جاری کر دیا.
نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں آواز کا جادو جگا کر پاک ترک تاریخی برادرانہ تعلقات کی عکاسی کی… pic.twitter.com/4KJceCQBUf— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 31, 2026
’دو دل، ایک جان‘ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے کی ہے۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔
اس منفرد نغمے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اردو اور ترک زبان کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے اور نغمے میں شامل تمام گائیک اور فنکار پاکستانی ہیں۔ فنکاروں نے اپنی آواز اور فن کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجود گہری دوستی اور قربت کے جذبات کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گل پلازہ سانحہ: جوڈیشل کمیشن کی 78 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظرعام پر آگئی، اہم انکشافات
نغمے کی موسیقی میں پاکستان کے روایتی ساز رباب کے ساتھ ترکیہ کے معروف روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کی موسیقی اور ثقافتی ورثے کا خوبصورت امتزاج سامنے آتا ہے۔
’دو دل، ایک جان‘ نہ صرف ایک موسیقی کا شاہکار ہے بلکہ یہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قائم تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ نغمے کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، بھائی چارے، مشترکہ اقدار اور ثقافتی رشتے کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گل پلازہ سانحہ: جوڈیشل کمیشن کی 78 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظرعام پر آگئی، اہم انکشافات
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیا گیا یہ خصوصی نغمہ ترکیہ کے یومِ فتح کے موقع پر پاک ترک دوستی کے عزم کی تجدید اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی خوبصورت کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔













