لاہور میں کوڑا جلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، 2 صنعتی یونٹس سیل

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے فضائی آلودگی اور دھوئیں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اڈا پلاٹ، رائیونڈ روڈ پر کوڑا اور صنعتی فضلہ جلانے والے 2 صنعتی یونٹس سیل کر دیے۔

ادارہ تحفظ ماحول کی فیلڈ ٹیم نے کارروائی کے دوران بلال سوئچ گیئر اور اوٹو انجینئرنگ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کیا، جبکہ موقع پر جلتے ہوئے کوڑے کی آگ بھی بجھا دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق کھلے عام کوڑا اور صنعتی فضلہ جلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور شہر کی فضا کو زہریلے دھوئیں سے آلودہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

ادارہ تحفظ ماحول کے حکام نے صنعتی اور تجارتی یونٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فضلے کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کوڑا جلانے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ فیلڈ ٹیموں کو ایسے واقعات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں پلاسٹک آلودگی کے خلاف بڑا قدم، لاہور کینال میں پہلی بار ‘اسکمنگ بوٹ‘ چلادی گئی

ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے واضح کیا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

فضائی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp