قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کے روز بارشوں کی پیشگوئی کے مدنظر اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شمالی اور بالائی پاکستان کے مختلف علاقوں میں فلیش فلڈنگ (اچانک طغیانی) کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مصنوعی ذہانت طیاروں کو موسمیاتی حدت بڑھانے والی سفید لکیروں سے بچانے میں مدد دے گی
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں متوقع بارشوں سے برسات ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
خطرناک حد تک متاثر ہونے والے ممکنہ علاقے
گلگت بلتستان: گلگت، دیامیر، غزر، ہنزہ، سکردو، استور اور شگر۔
خیبر پختونخوا: چترال، دیر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، بٹ گرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی اور مردان۔
آزاد کشمیر: باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی۔
خطہ پوٹھوہار: اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم (ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافے کا خدشہ)۔
پنجاب: لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، شیخوپورہ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، حافظ آباد اور سرگودھا۔
این ڈی ایم اے نے خصوصی طور پر نوشہرہ، صوابی، مردان اور ان کے گردونواح کے نشیبی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی تنبیہ کی ہے۔
انتظامیہ اور عوام کے لیے ہدایات
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں ضروری وسائل پہلے سے منتقل کرنے اور ضرورت پڑنے پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی نے کینیڈا میں شدید جنگلاتی آگ کا خطرہ دگنا کر دیا، تحقیق
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی سے بھرے راستوں، پلوں اور تیز بہاؤ والے ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں۔
سیاح اور مسافر
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اس لیے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم اور راستوں کی صورتحال لازمی چیک کریں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔













