یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان آنے کا امکان، حتمی تاریخ کا تعین باہمی مشاورت سے ہوگا

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم یا ایس سی او کے سربراہی اجلاس کے موقعے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

نائب وزیراعظم نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور کثیر الجہتی سفارت کاری کو فروغ دینے میں سیکریٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی اور دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیے: اسحاق ڈار کی عراقچی، لاوروف سمیت دیگر وزرائے خارجہ سے خوشگوار ملاقات

دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آنے والے اجلاس کی تیاریوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاری امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی خدمات کا اعتراف

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کثیر الجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے مثبت و اصولی کردار اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اس کی خدمات کی تعریف کی۔

گوتریس دورہ پاکستان کی دعوت

نائب وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ اس دورے کی حتمی تاریخوں کا تعین پاکستان کا دفتر خارجہ اور اقوام متحدہ کا سیکریٹریٹ باہمی مشاورت سے کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp