استنبول کے قریب 2 ترک بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے، 10 افراد لاپتا

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے شہر استنبول کے قریب بحیرۂ مرمرہ میں دو ترک پرچم بردار تجارتی بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے، جس کے بعد ایک جہاز اور اس پر سوار 10 رکنی عملے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

استنبول کے گورنر کے دفتر کے مطابق حادثہ بدھ کی علی الصبح تقریباً 3 بجے ضلع سِلیوری کے ساحل سے تقریباً 18 بحری میل دور پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

حادثے میں ’السو‘ نامی کیمیکل ٹینکر اور ’تُغبرک امام اوغلو‘ نامی تجارتی جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔

حادثے کے فوراً بعد ترک کوسٹ گارڈ کے متعدد بحری جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاپتا جہاز اور اس کے عملے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

حکام کے مطابق السو کو بظاہر کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم تُغبرک امام اوغلو اور اس پر سوار 10 افراد سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔

لاپتا جہاز ترکی کے بحیرۂ روم میں واقع اسکندرون سے بحیرۂ اسود کی بندرگاہ ایریگلی کی جانب جا رہا تھا، جبکہ دوسرا جہاز کوجالی سے علی آغا کی طرف محو سفر تھا۔

مزید پڑھیں: پرتعیش بحری جہاز کا سیاحتی سفر مہلک ہنٹا وائرس کا شکار ہوکر سانحے میں تبدیل کیسے ہوا؟

حکام کی جانب سے لاپتا عملے کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاپتا جہاز کے ممکنہ طور پر ڈوبنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک اس بارے میں حتمی تصدیق نہیں کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp