پنجاب حکومت نے صوبے میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور چھوٹے کاروباروں کے فروغ کے لیے 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں اور 50 کروڑ روپے کے ریوالونگ فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔
اس اسکیم کے تحت ہنرمند خواتین اور نئے کاروباری افراد کو 5 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پی ایس آئی سی ) کے 137 ویں بورڈ اجلاس میں، جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی، معاشی سرگرمیوں کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کے لیے خوشخبری، حکومت نے گھروں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بلاسود قرضوں کا اعلان کردیا
منظور شدہ پالیسی کے مطابق نیا کاروبار شروع کرنے کے خواشمند افراد کو 1 کروڑ روپے تک جبکہ پہلے سے موجود کاروباری سیٹ اپ کی توسیع کے لیے 50 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین ہنرمندوں کو مالی خود مختاری فراہم کرنا ہے۔
نئے صنعتی زونز اور گوجرانوالہ میں انڈسٹریل پارک
اجلاس میں صوبے بھر میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے حافظ آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خانیوال اور اوکاڑہ میں نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
حکام نے تصدیق کی کہ ان مجوزہ صنعتی زونز کے لیے زمین کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں:بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ ’سندھ یوتھ کارڈ‘ کا اجرا کریں گے، وزیر کھیل محمد بخش مہر
علاوہ ازیں، گوجرانوالہ میں صنعتی پارک کے قیام، پی ایس آئی سی کی غیر ضروری جائیدادوں کی نیلامی کے شیڈول اور مری میں ہینڈی کرافٹس ڈویلپمنٹ سینٹر کے بدلے جدید ہینڈی کرافٹس شاپ کے لیے متبادل جگہ کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔
حکومتی عزم اور صنعتوں کی سرپرستی
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صنعتکاروں اور چیمبرز آف کامرس کی علاقائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین اور ایس ایم ایز کی معاونت کے لیے بلاسود قرض اسکیمیں سنگ میل ثابت ہوں گی، جبکہ ‘وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس اسکیم’ سے بھی صوبائی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو زبردست تقویت مل رہی ہے۔
واضع رہے کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا قیام صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے تحفظ اور فروغ کے لیے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ مقامی ہنر کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: اپنے کاروبار کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی، نوجوانوں میں چیک تقسیم
موجودہ معاشی چیلنجز اور روزگار کے محدود مواقع کے پیش نظر، حکومتِ پنجاب چھوٹے کاروباری طبقات بالخصوص خواتین کو آسان شرائط پر مالی رسائی دینے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
50 کروڑ روپے کے اس ریوالونگ فنڈ اور بلاسود قرضوں کی اسکیم کا مقصد گھریلو اور چھوٹے پیمانے پر تیار ہونے والی مصنوعات کو تجارتی حجم دینا اور ملکی معیشت میں خواتین کے انفرادی کردار کو بڑھانا ہے۔














