دانش یونیورسٹی میں کم آمدن والے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی میں کم آمدن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ یونیورسٹی کا نظام روایتی جامعات سے مختلف اور اعلیٰ معیار کا ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعمیر کا تفصیلی منصوبہ اور مقررہ مدت کا شیڈول دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

دانش یونیورسٹی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کا مقصد معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان خاندانوں کے بچوں میں دانش یونیورسٹی کے بارے میں آگاہی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس قائم کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

اجلاس میں دانش یونیورسٹی کے بورڈ نے عالمی معیار کی فیکلٹی، تعمیراتی منصوبے اور یونیورسٹی کے قیام کے مختلف مراحل کے بارے میں بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں دنیا کی معروف جامعات سے فارغ التحصیل اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جبکہ ایک معروف امریکی کالج کی تدریسی خدمات حاصل کرنے کے لیے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔

بریفنگ میں امریکی کالج کے ساتھ تدریسی نظام اور فیکلٹی سے متعلق حالیہ مذاکرات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کا کیمپس بین الاقوامی معیار کے جدید اور جدید ترین ڈیزائن کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، عطا تارڑ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، دانش یونیورسٹی بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp