اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار اولارا اوتونو کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار اور سفیر اولارا اوتونو نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں، عالمی امن اور کثیرالجہتی نظام سے وابستگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی اولارا اوتونو کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امیدوار ماریہ فرنینڈا ایسپینوسا کی وزیراعظم سے ملاقات، عالمی امن کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی معاملات میں کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل عالمی ادارے کے ۳ بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، پر باہمی ربط اور متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے۔

اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو بھی سراہا۔

ملاقات میں عالمی امن و سلامتی کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر اقوام متحدہ کے کردار سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp