شاہ چارلس سے ملاقات میں سلمان علی آغا کیوں نہیں تھے؟ مائیک ہیسن نے خاموشی توڑ دی

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے عبوری ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے شاہ چارلس سے ملاقات میں سلمان علی آغا کی عدم شرکت پر گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’ناقابلِ قبول صحافت‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ سلمان آغا سمیت 3 کھلاڑیوں کو شاہی تقریب سے بہت پہلے اسکواڈ سے ریلیز کر کے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ ان قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں کہ کھلاڑی نے ڈراپ ہونے پر احتجاجاً اس ملاقات کا بائیکاٹ کیا۔

بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ مائیک ہیسن نے حالیہ پریس کانفرنس کے دوران ان قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ سلمان علی آغا نے تیسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے خلاف بطور احتجاج کلیرنس ہاؤس میں شاہ چارلس سوم سے ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنل چیمپینز کپ: مائیک ہیسن کی چاروں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف سے اہم مشاورت

مائیک ہیسن نے 2 ٹوک الفاظ میں کہا کہ ‘میرے آنے اور بکنگھم پیلس کی تقریب سے بہت پہلے ہی ان 3 کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا تھا اور انہیں ایک نوٹ بھیج دیا گیا تھا کہ وہ اس تقریب کا حصہ نہیں ہوں گے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘یہ سب بہت واضح تھا لیکن کسی نے 2 اور 2 کو ملا کر نو بنا دیا، جو میرے نزدیک انتہائی ناقابلِ قبول صحافت ہے’۔

تقریب میں شرکت کے حوالے سے وضاحت

ہیڈ کوچ نے بتایا کہ تقریب میں شرکت کرنے والوں کی فہرست میں آخری لمحات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی اور باقی تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا اپنا نام بھی فہرست میں پہلے سے شامل تھا۔

واضح رہے کہ ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کے برعکس، اسکواڈ سے ریلیز کیے گئے دیگر کھلاڑی جن میں عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں، شاہی ملاقات میں موجود تھے، جبکہ امام الحق اور محمد رضوان پہلے ہی وطن واپس لوٹ چکے تھے۔

قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں اور نیا اسکواڈ

یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف لیڈز اور لارڈز ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد پی سی بی نے برمنگھم میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو انگلینڈ کی کوچنگ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا

7 کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے ساتھ ساتھ ریڈ بال کوچز سرفراز احمد اور عمر گل کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا، جس کے بعد وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور بولنگ کوچ ایشلے نائل کو عبوری طور پر یہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے اپ ڈیٹڈ اسکواڈ

انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، محمد عمران جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp