وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں وزیراعظم اور صدر نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک شاندار اور یادگار باب ہے، جب مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے بے مثال عزم، اتحاد، شجاعت اور قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو دشمن کی عددی برتری کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری نے ہر محاذ پر اسے شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع و شہدا وطن کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے۔
"The spirit of 6th September was once again reflected in the resounding success of Operation Bunyanum Marsoos. Victory in Marka-e-Haq represents a continuation of the spirit of patriotism and freedom embodied by 6th September. Marka-e-Haq has added another glorious chapter to our… pic.twitter.com/pXVhVZynDR
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 6, 2026
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 6 ستمبر قومی تاریخ میں ایک یادگار حیثیت رکھتا ہے اور اس روز شہدا نے بے مثال عزم، حوصلے اور وطن سے وفاداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو جائے تو کوئی طاقت اس کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کو بھی 6 ستمبر کے جذبے کا تسلسل قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج نے پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت پاکستان کے دیرینہ دشمن کو ایسا جواب دیا جسے آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی، جبکہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے ملکی عسکری تاریخ میں ایک اور قابل فخر باب کا اضافہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی 6 ستمبر کے جذبے کی عکاس ہے اور معرکہ حق نے پاکستانی قوم کی حب الوطنی، آزادی سے محبت اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، شجاعت اور بہادری کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif's Message on Defence & Martyrs Day, 6 September 2026.
6 September is a glorious chapter in our national history, reminding us of the unparalleled resolve, unity and sacrifices demonstrated by our Armed Forces and the nation in defence of…
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 6, 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز قومی اتحاد اور یکجہتی کے مزید مضبوط ہونے کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دشمن قوتوں کے مذموم عزائم اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو بھرپور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔
صدر نے بھی واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے ہر روایتی اور غیر روایتی جنگ میں ملک کے دفاع کے لیے اپنی بھرپور تیاری، چوکسی اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:6 ستمبر یوم دفاع پاکستان پر اراکین پارلیمنٹ کیا کہتے ہیں؟
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت صرف دفاعی صلاحیتوں میں نہیں بلکہ ایک متحد، پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط قوم کی تعمیر میں بھی ہے۔ صدر نے بھی معاشی استحکام، سیاسی برداشت، قومی اتحاد، تعلیم اور ترقی کو پاکستان کی طاقت کی بنیادی اقدار قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار اور مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے بغیر ممکن نہیں، جبکہ صدر نے خطے میں امن، مذاکرات اور باہمی احترام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر کاربند رہتے ہوئے مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر آصف علی زرداری نے بھی قوم سے آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے عزم کی تجدید کرنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع پر مزار قائد کے گارڈز کی ذمہ داری فضائیہ کے کیڈٹس کے سپرد
دونوں رہنماؤں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔














