قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر طارق فاروق اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقدہ دفاعی نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر اعلیٰ سول و عسکری حکام، بشمول چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان اور جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن بھی موجود تھے۔

قائم مقام صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ، بوائز سکاؤٹس، پولیس، ریسکیو 1122، ایس سی او، سول ڈیفنس اور ایس ڈی ایم اے کے اسٹالز کا دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پیش کی گئی معلومات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے نمائش میں موجود سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ثقافتی اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ملی نغمے، ثقافتی گیت اور روایتی کھیل بھی پیش کیے گئے، جنہیں معزز مہمانوں نے سراہا۔
نمائش کے دوران ریسکیو 1122 کے جوانوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے عملی مشق اور ریسکیو ڈیمونسٹریشن بھی پیش کی۔ معزز مہمانوں نے ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے پیش کی جانے والی عملی مشق کا مشاہدہ کیا۔
مختلف اسٹالز کے معائنے کے دوران قائم مقام صدر آزاد کشمیر طارق فاروق، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، چیف سیکرٹری خوشحال خان اور جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن کو سندھی ٹوپی، بلوچی پگ، گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور پنجابی پگ پہنائی گئی۔

دفاعی و ثقافتی نمائش میں ٹورازم، جنگلات، زراعت، ٹیوٹا، منرل ریسورسز، وائلڈ لائف، میڈیکل اور ویمن ڈویلپمنٹ سمیت مختلف شعبوں کے اسٹالز بھی شامل تھے، جہاں شہریوں کو متعلقہ اداروں کی خدمات، منصوبوں اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔














