ابوظہبی میں نایاب سفید بازکتنے میں نیلام ہوا؟، قیمت جان کر ہوش اُڑ جائیں گے!

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران ایک انتہائی نایاب سفید باز 1.5 ملین درہم (تقریباً 408,000 ڈالرز) کی خطیر رقم میں نیلام ہو گیا ہے۔

امریکا کے ایک مخصوص فارم میں پرورش پانے والا یہ ‘قرموشہ پیور الٹرا وائٹ’ باز شاندار جسمانی خصوصیات کے باعث رواں سال نیلامی میں فروخت ہونے والا سب سے مہنگا پرندہ بن گیا ہے۔

 

روسی نشریاتی ادارے اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘وام’ کی رپورٹس کے مطابق یہ شاندار فروخت ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن میں ہونے والی نیلامی کے پانچویں راؤنڈ کے دوران عمل میں آئی۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ کی ایسی مارکیٹ جہاں پرندے ہول سیل ریٹ پر ملتے ہیں

اس باز کو اس کے مکمل سفید پروں، نایاب نسل اور شاندار جسمانی و ظاہری خدوخال کی بنا پر بے حد سراہا گیا۔

اپنی انہی منفرد خوبیوں کی بدولت اس نے بولی دہندگان کی بھرپور توجہ حاصل کی اور ایک ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوا۔

امریکی فارم میں پرورش اور بین الاقوامی نمائش کی وسعت

اس انتہائی قیمتی اور نایاب پرندے کی پرورش امریکا کے ایک خصوصی فارم میں کی گئی تھی جو بازوں کی اعلیٰ نسل کی افزائش کے لیے عالمی سطح پر شہرت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ ابوظہبی میں جاری اس عالمی نمائش میں متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر سے بازوں کی افزائش اور دیکھ بھال میں مہارت رکھنے والے 55 سرکردہ فارمز حصہ لے رہے ہیں، جو اس تقریب کی بین الاقوامی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔

عرب ثقافت میں باز پروری کا مقام

عرب خطے، بالخصوص خلیجی ممالک میں باز کے ذریعے شکار کرنا محض ایک مشغلہ نہیں بلکہ صدیوں پر محیط ثقافت اور روایتی ورثے کا ایک انتہائی اہم حصہ ہے۔

متحدہ عرب امارات میں باز کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اسی قدیم روایتی شوق کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دنیا کے بہترین پرندوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے ابوظہبی جیسی بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

حالیہ نیلامی میں اس نایاب سفید باز کی 408,000 ڈالرز میں فروخت دراصل عرب امرا  کے اسی ثقافتی لگاؤ اور شاہانہ ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp