ریٹائرڈ افراد کا رجحان اے آئی چیٹ بوٹس کی جانب کیوں بڑھ رہا ہے؟

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹس کا استعمال صرف دفاتر اور کام کی جگہوں تک محدود نہیں رہا، بلکہ ریٹائرڈ افراد بھی روزمرہ زندگی کے مختلف معاملات میں ان سے مدد لینے لگے ہیں۔

اے اے آر پی کی ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیق کے مطابق 50 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں تخلیقی مصنوعی ذہانت کے استعمال کی شرح 2023 میں 9 فیصد تھی جو 2025 میں بڑھ کر 30 فیصد ہوگئی، یعنی 2 سال کے دوران اس میں تقریباً 3 گنا اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: مصنوعی ذہانت کا بڑھتا استعمال، اوریکل نے ایک سال میں 21 ہزار ملازمین فارغ کیے، کمپنی رپورٹ

تحقیق کے مطابق ریٹائرڈ افراد عموماً چیٹ بوٹس کو دفتری کام، حساب کتاب یا کام کی آخری تاریخوں کے لیے استعمال نہیں کرتے بلکہ روزمرہ زندگی کے ایسے معاملات میں مدد لیتے ہیں جن کے لیے پہلے خاندان کے کسی فرد کو فون کرنا پڑتا تھا یا متعلقہ سرکاری دفتر کا چکر لگانا پڑتا تھا۔

طبی سہولیات میں اندراج کے فارم، جائیداد سے متعلق دستاویزات اور بیمہ کی تفصیلات جیسے پیچیدہ کاغذی کاموں کو سمجھنے کے لیے بھی بزرگ افراد چیٹ بوٹس کا سہارا لے رہے ہیں۔ وہ ان دستاویزات کو چیٹ بوٹ میں شامل کرکے آسان الفاظ میں وضاحت طلب کرتے ہیں۔

تاہم چیٹ بوٹس پیشہ ورانہ مشورے کا متبادل نہیں، لیکن ان کی مدد سے لوگ ماہرین سے ملاقات سے پہلے متعلقہ معاملے کو بہتر طور پر سمجھ لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فاس کانفرنس: مصنوعی ذہانت کے بہتر استعمال اور عالمی تعاون پر زور

تنہائی سے متعلق تحقیقات کے بعد بزرگ افراد میں سماجی رابطے بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی فروغ ملا ہے۔ نیویارک ریاست کے دفتر برائے عمر رسیدگی نے بزرگ افراد میں سماجی تنہائی کم کرنے کے لیے ’ایلی کیو‘ نامی 800 سے زائد آلات فراہم کیے ہیں۔

سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن کے سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ عمر رسیدہ افراد ایسے چیٹ بوٹس کو زیادہ پسند کرتے ہیں جو خود کو انسان ظاہر کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے حقیقی اور فطری محسوس ہوں۔

ریٹائرڈ افراد میں مصنوعی ذہانت کے غیر پیشہ ورانہ استعمال میں خاندانی تاریخ مرتب کرنا بھی مقبول ہوتا جارہا ہے۔ لوگ چیٹ بوٹس کی مدد سے ہاتھ سے لکھے خطوط تحریر میں منتقل کرنے، ہجرت سے متعلق دستاویزات کا ترجمہ کرنے اور خاندانی تاریخ کو زمانی ترتیب میں مرتب کرنے جیسے کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصنوعی ذہانت کے تاریک پہلو کیا ہیں، دنیا میں کتنے افراد استعمال کر رہے ہیں؟

تاہم پیو ریسرچ کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے صرف 6 فیصد افراد چیٹ بوٹ استعمال کرنے میں خود کو بہت پُراعتماد سمجھتے ہیں، جبکہ 30 سال سے کم عمر افراد میں یہ شرح تقریباً 30 فیصد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp