ویمنز ایشیا کپ: پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویمنز ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہ رہا اور 23 کے مجموعی اسکور پر منیبہ علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں، جبکہ 33 کے اسکور پر گل فیروزہ بھی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کرلی

اس کے بعد شوال ذوالفقار اور عائشہ ظفر نے اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو 80 رنز تک پہنچایا۔ عائشہ ظفر نے 19 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے، تاہم وہ 80 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔

شوال ذوالفقار نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 35 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ 92 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد صدف شمس 5، ایمان فاطمہ ایک اور امِ ہانی ایک رن بنا کر جلد پویلین لوٹ گئیں۔

کپتان فاطمہ ثنا نے مشکل مرحلے پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے شامل تھے۔ طوبا حسن نے بھی 13 گیندوں پر 14 رنز کی مختصر لیکن کارآمد اننگز کھیلی۔ آخر میں فاطمہ ثنا اور نشرا سندھو نے ٹیم کو 143 رنز تک پہنچایا۔ نشرا سندھو 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

ہانگ کانگ کی جانب سے جویلین کور سب سے کامیاب گیند باز رہیں جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اقراء سحر اور کیری چان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی۔ ہانگ کانگ نے صرف ایک رن پر اپنی ابتدائی 2 وکٹیں گنوا دیں۔ ماریکو ہل بغیر کوئی رن بنائے فاطمہ ثنا کا شکار بنیں، جبکہ کپتان نتاشا مائلز بھی ایک رن بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ: بھارت نے اہم میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

یاسمین داسوانی نے 13 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم وہ 32 کے مجموعی اسکور پر نشرا سندھو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد ہانگ کانگ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

کیری چان نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے اور 47 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے لگائے، لیکن وہ بھی ٹیم کو مشکلات سے نہ نکال سکیں۔ مرینا لیمپلو 2، مریم بی بی 2، شانزین شہزاد صفر، علیسن سیو صفر اور اقراء سحر صفر پر آؤٹ ہوئیں۔

ہانگ کانگ کی جانب سے جویلین کور نے 10، جبکہ رچیتا وینکٹیش نے 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، تاہم پوری ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 72 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، امِ ہانی اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ ہانگ کانگ کی آخری 7 وکٹیں محض 39 رنز کے اضافے پر گر گئیں، بہترین کارکردگی پر نشرا سدھو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp