وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پولی کلینک فیز ٹو کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، منصوبہ 16 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:پمز سانحہ: وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش، فرانزک رپورٹ کا انتظار
پولی کلینک فیز 2 کی سائٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت 9 ارب روپے تھی، تاہم مزید 100 بستروں کے اضافے کے بعد اس کی لاگت 16 ارب روپے ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پولی کلینک فیز ٹو 400 بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس میں اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے پر کام مقررہ رفتار کے مطابق جاری ہے جبکہ تعمیراتی کام کا بڑا حصہ مکمل ہوچکا ہے۔
انکوائری کمیٹی کی پہلی رپورٹ پر سو فیصد عمل درآمد ہو گیا ہے۔ اب دوسری رپورٹ کا انتظار ہے۔ اس میں جو بھی سفارشات ہوں گی، ان پر من و عن عمل درآمد کریں گے۔وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال pic.twitter.com/vkcNn3tmUn
— WE News (@WENewsPk) September 8, 2026
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اسپتال کے لیے درکار طبی آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کے آرڈرز دیے جاچکے ہیں، متعدد کھیپیں پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید سامان بھی راستے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے وزیراعظم نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے ایک ٹیم تشکیل دی ہے، فنڈنگ سمیت کسی معاملے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں۔ پولی کلینک فیز 2 چینی کمپنی کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق 400 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال 23 مارچ 2027 تک مکمل کرلیا جائے گا، جو اسلام آباد کے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔














