برطانیہ کے مستقبل کے ممکنہ بادشاہ پرنس جارج کا 600 سال پرانے ایلیٹ ایٹن کالج میں داخلہ

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کے مستقبل کے بادشاہ پرنس جارج آف ویلز نے منگل کے روز ایلیٹ ایٹن کالج میں اپنی نئی اسکول زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس طرح انہوں نے اپنے والد ولی عہد پرنس ولیم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 600 سال پرانے اس باوقار اسکول میں داخلہ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’31اگست میرا سب سے ناپسندیدہ دن‘ ہے، شاہ چارلس کا لیڈی ڈیانا کی 29ویں برسی پر پیغام

13 سالہ پرنس جارج جو بادشاہ چارلس کے پوتے ہیں اپنے نئے اسکول پہنچے تو ان کے ساتھ ان کے والدین ولیم اور شہزادی آف ویلز کیٹ بھی موجود تھیں۔ مناظر میں دیکھا گیا کہ وہ تینوں مسکراتے ہوئے اور پرسکون نظر آ رہے تھے جب ایٹن کے ہیڈ ٹیچر سائمن ہینڈرسن نے ان کا استقبال کیا۔

پرنس جارج کے والد اور ان کے چچا پرنس ہیری دونوں نے ایٹن میں تعلیم حاصل کی ہے۔ یہ برطانیہ کے سب سے ایلیٹ اسکولوں میں سے ایک ہے جو لندن کے مغرب میں بادشاہ کے ونڈسر کیسل کے قریب واقع ہے جہاں ولیم اور کیٹ اور ان کے 2 دیگر بچوں شارلٹ اور لوئس کا بھی گھر ہے۔

اس آل بوائز بورڈنگ اسکول کی بنیاد سنہ 1440 میں کنگ ہنری ششم نے رکھی تھی اور اس کی سالانہ فیس تقریباً 65 ہزار پاؤنڈ (پاکستانی تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ روپے) ہے۔

مزید پڑھیے: شاہ چارلس نے اسکاٹ لینڈ کے نایاب شاہی خزانے کو تباہی سے کیسے بچایا؟

تخت کے دوسرے وارث جارج اس سے قبل ونڈسر کے قریب ہی پرائیویٹ لیمبروک اسکول میں اپنی بہن اور چھوٹے بھائی کے ساتھ زیر تعلیم تھے۔

ولیم پہلے شاہی فرد تھے جنہوں نے ایٹن میں تعلیم حاصل کی کیونکہ چارلس نے اسکاٹ لینڈ کے شمالی ساحل پر واقع گورڈنسٹون اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی جہاں ان کے والد پرنس فلپ بھی پڑھے تھے لیکن چارلس نے وہاں کی زندگی کو مشکل قرار دیا تھا۔

اس کے برعکس ولیم نے کہا ہے کہ انہوں نے اسکول میں اپنے وقت کا لطف اٹھایا اور حال ہی میں بتایا کہ وہ اکثر ویک اینڈ پر ونڈسر کیسل جا کر اپنی دادی مرحوم ملکہ الزبتھ کے ساتھ چائے پیتے تھے۔

ایٹن طویل عرصے سے ملک کی اشرافیہ کی درسگاہ رہا ہے اور یہاں سے بورس جانسن اور ڈیوڈ کیمرون سمیت 20 برطانوی وزرائے اعظم اور اداکار ہیو لوری، ڈیمین لیوس اور ٹام ہڈلسٹن جیسی شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے۔

اسکول آج بھی اپنی کئی روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے جہاں طلبا ٹیل کوٹ، واسکٹ اور گاؤن پہنتے ہیں اور اساتذہ کو ’بیکس‘ کہا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: برطانوی کرنسی کی تاریخ کا اہم باب بند: ملکہ الزبتھ کی تصویر والا آخری سکہ جاری

پرنس جارج کا پہلا دن اتفاق سے ان کی پردادی کی وفات کی چوتھی برسی اوردادا شاہ چارلس سوم کی تخت نشینی کے دن کے ساتھ بھی ملا۔

کیا عام لوگ بھی ایٹن میں داخلہ لے سکتے ہیں؟

اگرچہ ایٹن کالج کو شاہی خاندان اور برطانوی اشرافیہ کی درسگاہ سمجھا جاتا ہے لیکن یہ صرف شاہی خاندان کے لیے مخصوص نہیں۔ یہ ایک پرائیویٹ بورڈنگ اسکول ہے جہاں کسی بھی خاندان کا لڑکا داخلہ لے سکتا ہے بشرطیکہ وہ اسکول کا مشکل داخلہ امتحان اور انٹرویو پاس کر لے اور سالانہ تقریباً 65 ہزار پاؤنڈ فیس ادا کرنے کی استطاعت رکھتا ہو۔

یہ بھی پڑھیے: لندن چڑیا گھر کے 200 سال مکمل، ملکہ الزبتھ کی پینگوئنز کے ساتھ بچپن کی تصویر جاری

عام اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اسکول نے اسکالرشپ اور برسری کی سہولت بھی رکھ دی ہے۔ ذہین طلبا کے لیے کنگز اسکالرشپ کے تحت 100 فیصد تک فیس معافی دی جاتی ہے جبکہ مالی مشکلات کے شکار خاندانوں کے بچوں کو آمدنی کی بنیاد پر مکمل فیس معافی بھی دی جاتی ہے۔

اس وقت اسکول کے تقریباً 20 فیصد طلبا کسی نہ کسی مالی امداد پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

کیا پرنس جارج مفت تعلیم حاصل کریں گے؟

ایٹن کالج میں شاہی خاندان کے لیے کوئی مفت تعلیم کی سہولت نہیں ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پرنس جارج کی تعلیم مفت نہیں ہوگی بلکہ ان کے والدین پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ ان کی سالانہ فیس خود ادا کریں گے جو تقریباً 65 ہزار پاؤنڈ ہے۔
مزید پڑھیں: حقیقی زندگی میں طلسماتی کہانی جیسا سماں باندھتی مشہور شاہی شادیاں

برطانیہ کے مستقبل کے ممکنہ فرماں روا پرنس جارج اپنے والدین اور دادا دادی کے ہمراہ۔ عقب میں ولی عہد ولیم کے چھوٹے بھائی پرنس ہیری بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ شاہی خاندان کی روایت بھی ہے۔ اس سے قبل پرنس ولیم اور پرنس ہیری کی ایٹن کالج کی فیس ان کے والد اس وقت کے پرنس چارلس نے ادا کی تھی جبکہ پرنس جارج ان کی بہن شہزادی شارلٹ اور بھائی پرنس لوئس کی لیمبروک اسکول کی فیس (تینوں بچوں کی سالانہ فیس تقریباً 75 ہزار پاؤنڈ) بھی ولیم اور کیٹ خود ادا کر رہے تھے۔

پرنس جارج کیسے بادشاہ بنیں گے؟

برطانوی تخت کے جانشینی کے قانون کے مطابق پرنس جارج اس وقت تخت کے دوسرے وارث ہیں۔ پہلے نمبر پر ان کے والد پرنس ولیم ہیں جو موجودہ بادشاہ چارلس سوم کے بڑے بیٹے ہیں۔ بادشاہ چارلس کے بعد تخت پرنس ولیم کو ملے گا اور ولیم کے بعد ان کے سب سے بڑی اولاد ہونے کی حیثیت سے پرنس جارج برطانیہ کے بادشاہ بنیں گے تاوقتیکہ ان سے پہلے کوئی غیر معمولی آئینی تبدیلی نہ ہوجائے جس کے امکانات بھی فی الوقت نہ ہونے کے برابر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp