رینوائر میوزیم میں ڈکیتی، چور 2 قیمتی پینٹنگز لے اڑے

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فرانس کے جنوبی شہر کینیا-سور-میر میں ایک میوزیم سے معروف فرانسیسی مصور پیئر آگسٹ رینوائر کی 2 پینٹنگز چوری کرلی گئی ہیں۔

چور فرار ہوتے وقت دیگر 2 پینٹنگز میوزیم کے باغ میں چھوڑ گئے۔

یہ واردات فرانس میں حالیہ عرصے کے دوران فن پاروں اور قیمتی نوادرات کی چوری کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس میں ایک اور بڑی میوزیم ڈکیتی، لالیک میوزیم سے قریباً 40 لاکھ یورو مالیت کے زیورات چوری

گزشتہ سال پیرس کے لوور میوزیم سے دن دہاڑے تقریباً 10 کروڑ ڈالر مالیت کے شاہی زیورات چوری ہونے کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔

کینیا-سور-میر کے میئر برائن میسن کے مطابق دونوں چور بظاہر خوب تیاری کے ساتھ آئے تھے اور انہیں میوزیم میں موجود رینوائر کے فن پاروں کے بارے میں مکمل معلومات تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ چور دھاتی آری سمیت دیگر آلات سے لیس تھے اور انہوں نے رینوائر کی پینٹنگز کے فریموں کو تھامنے والے پسٹن کاٹ دیے۔

تاہم میوزیم میں موجود سیکیورٹی اور پولیس کے سائرن سنائی دینے کے بعد انہیں جلد بازی میں فرار ہونا پڑا اور وہ صرف 4 فن پارے اپنے ساتھ لے جا سکے۔

میئر کے دفتر کے مطابق چوروں نے ان 4 میں سے 2 پینٹنگز میوزیم کے باغ میں ہی چھوڑ دیں۔

حکام نے پہلے چوری ہونے والے فن پاروں کی مجموعی مالیت تقریباً ایک کروڑ ڈالر بتائی تھی۔

چوری ہونے والی 2 پینٹنگز میں ’میڈم کولونا رومانو‘ کے عنوان سے ایک پورٹریٹ اور کنویں پر موجود ایک خاتون کی تصویر ’ژون فیم او پی‘ شامل ہیں۔

دوسری جانب باغ سے برآمد ہونے والے فن پاروں میں ’میڈم پشوں‘ اور ’کوکو لیزاں‘  شامل ہیں، جو رینوائر کے کم عمر بیٹے کلاڈ کی کتاب پڑھتے ہوئے تصویر ہے۔

پولیس نے واردات میں ملوث دونوں ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ حکام میوزیم کی سیکیورٹی اور چوری کے محرکات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp