پشاور سے تعلق رکھنے والی 3 بہنیں ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ مہوش علی، سحرش علی اور ماہ نور علی کو قومی اسکواش اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان اسکواش ٹیم کا تربیتی کیمپ پشاور میں جاری ہے، جبکہ مہوش علی ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں امریکا میں تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
سابق اسکواش کھلاڑی محمد عارف نے اپنی تینوں بیٹیوں کے ایک ہی ایشین گیمز اسکواڈ میں منتخب ہونے کو اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔
سحرش علی اس سے قبل چین میں ہونے والے کانٹینینٹل ایونٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
علی سسٹرز نے ایک ساتھ قومی اسکواڈ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے اسکواش اسکواڈ میں حمزہ خان، اصحاب عرفان، ناصر اقبال، نور زمان اور ثنا بہادر بھی شامل ہیں، جبکہ امیر نواز کو ٹیم منیجر اور فہیم گل کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔














