افغانستان کے سابق جہادی کمانڈر امیر محمد اسماعیل خان نے قومی ہیرو احمد شاہ مسعود کی ہلاکت کی 25ویں برسی کے موقع پر طالبان کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کا دعویٰ جھوٹا، دونوں کا گٹھ جوڑ برقرار
اپنے بیان میں امیر اسماعیل خان نے کہا کہ افغانستان اب بھی ان کے بقول ’غیر ملکی سازشوں اور طالبان کی حکمرانی کا سامنا کر رہا ہے اس لیے جدوجہد اور مزاحمت کے مراکز کو فعال رہنا چاہیے۔
انہوں نے افغان محب وطن قوتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو بچانے کے لیے متحد ہوں اور احمد شاہ مسعود سمیت ماضی کے دیگر جنگجوؤں کے راستے اور نظریات کو جاری رکھیں۔
امیر اسماعیل خان نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان کو اب بھی غیر ملکی سازشوں اور طالبان کی ’جاہل اور ظالمانہ حکمرانی‘ کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق جدوجہد اور مزاحمت کے مراکز کا فعال رہنا ضروری ہے اور تمام محب وطن قوتوں کو ملک کی نجات کے لیے پرعزم ہوکر متحد رہنا چاہیے۔
انہوں نے احمد شاہ مسعود کو اپنا بہادر ساتھی اور اصول پسند، با مقصد بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام، آزادی اور افغانستان کی خودمختاری کے دفاع اور انتہاپسندی کی مخالفت میں مسعود کے راستے کو جاری رکھنا ملک کے مجاہدین، مزاحمتی جنگجوؤں اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔
طالبان سے مذاکرات کی ناکامی کا دعویٰ
امیر اسماعیل خان نے دعویٰ کیا کہ طالبان کے دوبارہ منظرعام پر آنے کے بعد احمد شاہ مسعود نے افغانستان کے بحران کو مفاہمت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی تھی۔
مزید پڑھیے: ٹی ٹی پی دہشتگرد افغان طالبان کے فعال تعاون سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں، اقوام متحدہ
ان کے مطابق مسعود انصاف کی بنیاد پر مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے بحران کا حل چاہتے تھے تاہم یہ کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں جس کے بعد انہوں نے طالبان کے خلاف مزاحمت جاری رکھی۔
انہوں نے سوویت فوج کے خلاف احمد شاہ مسعود کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسعود نے سوویت قبضے کی مخالفت کرنے والی افغان قوتوں کے ایک بڑے حصے کو منظم اور مربوط کیا تھا۔
امیر اسماعیل خان کے مطابق احمد شاہ مسعود نے اپنی زندگی ایک ایسے اسلامی اور انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لیے وقف کی جو عوام کی خواہشات اور مرضی پر قائم ہو۔
احمد شاہ مسعود 9 ستمبر 2001 کو ایک خودکش حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔ ان کی قتل کے 2 روز بعد امریکا میں 11 ستمبر کے دہشتگرد حملے ہوئے۔ احمد شاہ مسعود کو افغانستان میں طالبان کے خلاف شمالی اتحاد کی اہم شخصیات میں شمار کیا جاتا تھا۔














