وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روس نے افغانستان میں پولیو اور شیر خوار بچوں کی اموات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی
وہ جمعرات کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کرنے والے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قومی انسداد پولیو پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح کی سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل حمایت اور شراکت داری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود میں قیمتی کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و بچہ کی صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی حکومت کے گورننس اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کلیدی اصلاحاتی ترجیحات میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیے: وزیراعظم سے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات، پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا ایک اہم جز ہے، جس کا مقصد لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانا، شفافیت کو بڑھانا اور مستحق افراد تک سرکاری فنڈز کی بروقت اور موثر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششیں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مستحق خواتین کو مالی امداد براہ راست، محفوظ طریقے سے اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔
انہوں نے خواتین کی مالی شمولیت اور معاشی بااختیاریت کو فروغ دینے کے لیے مرکوز اقدامات پر گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ملک سے پولیو کے خاتمے کا عزم، انسداد پولیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا
وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندے کلپنا کوچھر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔














