واٹس ایپ میں حساس چیٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے مخصوص چیٹس کو زیادہ محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے گی۔

میٹا کی جانب سے’ریسٹریکٹڈ چیٹ‘ نامی فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔ اس فیچر کو واٹس ایپ کے ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کنٹرولز کا حصہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا نیا فیچر، بغیر اکاؤنٹ صارفین بھی کال میں شامل ہوسکیں گے

ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کنٹرولز صارفین کو چیٹ میں شامل افراد کے حوالے سے اضافی پابندیاں عائد کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں، جبکہ نئے ریسٹریکٹڈ چیٹ فیچر کے ذریعے صارفین کو حساس گفتگو پر مزید کنٹرول حاصل ہوگا۔

نئے فیچر کے تحت صارفین کسی چیٹ کی حساس گفتگو کو اپنے مرکزی فون تک محدود رکھ سکیں گے۔ اس صورت میں متعلقہ گفتگو واٹس ایپ ویب یا کنکٹڈ فون پر نظر نہیں آئے گی۔

واٹس ایپ کے نئے فیچر سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بییٹا انفو کے مطابق ریسٹریکٹڈ چیٹ فیچر پر فی الحال کام جاری ہے اور یہ ابھی تمام بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ میں اکاؤنٹ سیکیورٹی مزید مضبوط، صارفین کے لیے نئی سہولیات متعارف

یہ فیچر اختیاری ہوگا، یعنی صارفین کو اپنی مرضی سے اسے فعال کرنا ہوگا۔

چونکہ یہ سہولت ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے فی الحال یہ کہنا ممکن نہیں کہ اسے عام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp