واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نئی حفاظتی سہولیات اور تازہ تبدیلیاں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن میں اکاؤنٹ سیکیورٹی کو بہتر بنانا اور لاگ اِن کے عمل کو مزید محفوظ بنانا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ اب کاروباری اداروں سے صارفین کے جوابات پر بھی فیس وصول کرے گا
یہ تازہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واٹس ایپ سمیت دیگر پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز اکاؤنٹس کی حفاظت کو عام صارفین کے لیے مزید آسان بنانے پر توجہ دے رہی ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران دھوکا دہی اور اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی کی کوششیں بھی زیادہ پیچیدہ ہوئی ہیں۔
2فیکٹرز ویریفکیشن
واٹس ایپ کی 2 مرحلہ تصدیق پہلے ہی 6 ہندسوں پر مشتمل خفیہ کوڈ کے ذریعے اکاؤنٹ کو اضافی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس نظام کے تحت اگر کسی حملہ آور کو صارف کا عارضی تصدیقی کوڈ بھی حاصل ہوجائے تو بھی اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے اضافی حفاظتی مرحلہ درکار ہوتا ہے۔
تاہم صارفین کو 6 ہندسوں کے خفیہ کوڈ کے بجائے حروف، اعداد اور خصوصی علامات پر مشتمل زیادہ مضبوط پاس ورڈ رکھنے کی سہولت دستیاب نہیں۔
پاس کیز سے اکاؤنٹ مزید محفوظ
نئی حفاظتی سہولیات میں پاس کیز بھی اہم کردار ادا کریں گی۔ اس طریقے کے ذریعے صارفین کو نام اور پاس ورڈ کے روایتی امتزاج پر کم انحصار کرنا پڑے گا، جو دھوکا دہی کے ذریعے چوری کیے جاسکتے ہیں۔
پاس کیز کے ذریعے لاگ اِن ہونے سے کسی دوسرے شخص کے لیے دور سے صارف کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔
نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کی اضافی معلومات
اینڈرائیڈ صارفین کو اب ایسے افراد کی کال موصول ہونے پر مزید معلومات بھی دکھائی جائیں گی جو ان کی رابطہ فہرست میں شامل نہیں۔ مثال کے طور پر صارف کو یہ معلوم ہوسکے گا کہ کال کرنے والا نمبر کسی دوسرے ملک سے ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کے گروپ چیٹس مزید جدید، صارفین کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف
اس کے علاوہ آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں صارفین پاس کیز کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس کو دھوکا دہی سے بچانے کے لیے مزید مضبوط حفاظتی نظام استعمال کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی یہ تبدیلیاں صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی، جعل سازی اور دیگر آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔














