کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نئے آئی جی اسلام آباد مقرر، علی ناصر رضوی ڈی جی سائبر کرائم تعینات

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت کے پولیس اور سائبر کرائم انویسٹی گیشن سیٹ اپ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے گریڈ 20 کے آفیسر کیپٹن (ر) سہیل چوہدری کو نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے ’ڈرائیور لیس‘ کار پولیس وین سے ٹکرانے والے نوجوان کو ملک کا مستقبل قرار دیدیا

دوسری جانب موجودہ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی اے) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کر دیا گیا ہے۔

کیپٹن (ر) سہیل چوہدری

پاک فوج کے سابق کیپٹن اور ڈسپلن پر سخت موقف رکھنے والے سہیل چوہدری فیلڈ کے تجربہ کار اور دبنگ آفیسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کا پیشہ ورانہ کیریئر اہم عہدوں پر مشتمل رہا ہے۔

مزید پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، ڈرفٹنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، گاڑیاں ضبط

وہ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور، سی پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، اور آر پی او ملتان کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں بھی بطور ڈی آئی جی اہم کردار ادا کیا۔

سنہ2021 میں مینارِ پاکستان سے متعلق پیش آنے والے معروف واقعے کے بعد انہیں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور مقرر کیا گیا تھا جہاں انہوں نے قومی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کے زیر حراست 2 ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی

سہیل چوہدری ایک ایسے وقت میں اسلام آباد پولیس کی کمانڈ سنبھال رہے ہیں جب وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ اس جدت کاری میں ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور فوری ردِعمل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا نفاذ شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp