انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن کیا ہے؟

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میزبان انگلینڈ نے ایجبسٹن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف اپنی تاریخ کا پہلا وائٹ واش مکمل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایجبسٹن ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش

ہفتہ کو حاصل ہونے والی یہ فتح انگلینڈ کی جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025-27 سائیکل میں مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر 7ویں فتح تھی جس کے بعد ان کا جیت کا تناسب 38.54 فیصد ہو گیا تاہم وہ بدستور چھٹے نمبر پر موجود ہیں یہ پوزیشن انہوں نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر حاصل کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان بدستور سب سے آخر یعنی 9یں نمبر پر ہے اس شکست کے بعد اس کا جیت کا تناسب مزید کم ہو کر 14.81 فیصد رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ جاری ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں گرین شرٹس نے 9 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 7 میں انہیں شکست ہوئی اور صرف 2 میں کامیابی ملی۔

آسٹریلیا 10 میں سے 8 ٹیسٹ جیت کر 96 پوائنٹس اور 80.00 فیصد کے ساتھ بدستور ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

دفاعی چیمپیئن جنوبی افریقہ 4 میں سے 3 میچز جیت کر 36 پوائنٹس اور 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

گرین شرٹس اس سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 1-1 سے ڈرا کے بعد داخل ہوئی تھی لیکن پہلے ٹیسٹ میں لیڈز میں انہیں ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیے: وائٹ واش کے باوجود محمد عباس کا اعزاز، انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ مشترکہ پلیئر آف دی سیریز قرار

لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں بھی انہیں عبرتناک شکست ہوئی جس کے بعد مڈ سیریز میں 7 کھلاڑیوں سمیت ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو تبدیل کر دیا گیا۔

آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے بہتر مقابلہ کیا جس میں ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ کی دوسری اننگز میں جارحانہ نصف سینچری اور محمد عباس کی انگلینڈ کے تعاقب کے پہلے اوور میں 2 وکٹیں نمایاں رہیں لیکن بالآخر انہیں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025-27 پوائنٹس ٹیبل

آسٹریلیا 10 میچز میں 8 جیت اور 2 شکستوں کے ساتھ 96 پوائنٹس اور 80.00 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے۔

دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ 4 میچز میں 3 جیت کے ساتھ 36 پوائنٹس اور 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ 6 میچز میں 4 جیت، ایک شکست اور ایک ڈرا کے ساتھ 52 پوائنٹس اور 72.22 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

بنگلہ دیش 6 میچز میں 3 جیت کے ساتھ 40 پوائنٹس اور 56.55 فیصد کے ساتھ چوتھے، بھارت 11 میچز میں 5 جیت کے ساتھ 68 پوائنٹس اور 51.52 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

مزید پڑھیں: ٹیسٹ ڈیبیو پر رضا اللہ کے چھکوں کی برسات، پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف بڑی مشکل سے نکال لیا

انگلینڈ 16 میچز میں 7 جیت کے ساتھ 74 پوائنٹس اور 38.54 فیصد کے ساتھ چھٹے، سری لنکا 6 میچز میں ایک جیت کے ساتھ 24 پوائنٹس اور 33.33 فیصد کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز 12 میچز میں 2 جیت کے ساتھ 30 پوائنٹس اور 20.83 فیصد کے ساتھ 8ویں جبکہ پاکستان 9 میچز میں صرف 2 جیت کے ساتھ 16 پوائنٹس اور 14.81 فیصد کے ساتھ 9یں یعنی سب سے آخری نمبر پر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp