میلبورن سے دوحہ جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز میں 2 مسافروں نے مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بندوق رکھنے اور مسافروں کو گولی مارنے کی دھمکی دے دی، جس کے بعد عملے اور دیگر مسافروں نے دونوں افراد کو قابو کرکے نشستوں سے باندھ دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق واقعہ جمعے کو ورجن آسٹریلیا کی پرواز وی اے 7 میں پیش آیا جو قطر ایئرویز کے زیر انتظام میلبورن سے دوحہ جارہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹیک آف کے کچھ دیر بعد دونوں افراد بے چین اور مشتعل دکھائی دینے لگے، وہ طیارے میں ادھر ادھر گھومتے اور سامان رکھنے والی الماریوں کی تلاشی لیتے رہے۔
🔴 Major Security Incident on Qatar Airways Melbourne to Doha Flight.
Two men claiming to have a gun became aggressive during the flight on Friday afternoon. They allegedly assaulted multiple people, several brave passengers intervened and used zip ties to restraint them. The… pic.twitter.com/tTJmk358us
— Pacific Wire (@JMChyno) September 13, 2026
رپورٹ کے مطابق دوحہ پہنچنے سے تقریباً 6 گھنٹے قبل دونوں مسافروں کے رویے میں اچانک شدت آگئی اور وہ آپس میں جھگڑنے کے ساتھ طیارے میں چیخ پکار کرنے لگے۔ اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس بندوق ہے اور وہ لوگوں کو گولی مار دیں گے۔
عملے نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی تو دونوں افراد نے مبینہ طور پر مزاحمت کرتے ہوئے عملے کے ارکان کو سر مارے اور ان پر تھوکا۔ ایک مسافر کے مطابق دونوں افراد لوگوں کو نقصان پہنچانے اور گولی مارنے کی باتیں چلا چلا کر کہہ رہے تھے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر طیارے کے عملے نے چند مسافروں کی مدد سے دونوں افراد کو قابو کیا۔ رپورٹ کے مطابق ہر شخص کو پکڑنے کے لیے 6 سے 7 افراد کو جدوجہد کرنا پڑی۔ بعدازاں عملے نے کیبل ٹائیز اور ہتھکڑیوں کی مدد سے دونوں کو ان کی نشستوں سے باندھ دیا تاکہ پرواز کے دوران مزید کسی نقصان سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:روس کا یوکرین پر بڑا فضائی حملہ، یوکرینی ایف 16 جہاز تباہ، پائلٹ بھی ہلاک
پرواز کے دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترتے ہی پولیس طیارے میں داخل ہوئی اور دونوں مسافروں کو حراست میں لے لیا۔
قطر ایئرویز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرواز میں 2 مرد مسافروں کے درمیان جسمانی جھگڑا ہوا، جنہیں طے شدہ طریقہ کار کے تحت قابو کیا گیا اور دوحہ پہنچنے پر مقامی حکام کے حوالے کردیا گیا۔ ایئرلائن کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔













