ایپل نے کئی سال انتظار کے بعد فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرادیا، تاہم کمپنی کے نئے فون کی تیاری میں جنوبی کوریا پر غیر معمولی انحصار سامنے آیا ہے، جہاں سام سنگ ڈسپلے فولڈ ایبل اسکرین کا واحد فراہم کنندہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کا فولڈ ایبل آئی فون، سام سنگ سے ڈسپلے کی خریداری کا معاہدہ
ایپل نے بدھ کو آئی فون ڈو متعارف کرایا جس کی ابتدائی قیمت ایک ہزار 999 ڈالر رکھی گئی ہے۔ کمپنی دنیا بھر سے اہم پرزے حاصل کرتی ہے، تاہم فون کو فولڈ ہونے کے قابل بنانے والی سب سے اہم ٹیکنالوجی کے لیے اس وقت سام سنگ ڈسپلے پر انحصار کیا جارہا ہے۔
کورین ڈسپلے صنعت کے ایک عہدیدار کے مطابق آئی فون ایکس کے دور میں سام سنگ کی لچک دار او ایل ای ڈی اسکرین نے ایپل کو تقریباً مکمل کنارے سے کنارے تک ڈیزائن حاصل کرنے میں مدد دی تھی، تاہم فولڈ ایبل آئی فون کے معاملے میں صورتحال مختلف ہے کیونکہ سام سنگ ڈسپلے کی فولڈ ایبل اسکرین کے بغیر فون کی بنیادی شکل ہی ممکن نہیں۔
اسکرین ایپل کی مخصوص ضروریات کے مطابق تیار
سام سنگ ڈسپلے ایپل کو کوئی تیار شدہ اسکرین فراہم نہیں کرتا بلکہ ایپل کی مخصوص ضروریات کے مطابق فولڈ ایبل او ایل ای ڈی پینل تیار کرتی ہے، جس کے بعد ایپل فون کے دیگر حصوں کو اسی اسکرین کے مطابق تیار کرتا ہے۔
سام سنگ ڈسپلے کو فولڈ ایبل او ایل ای ڈی اسکرینز بڑے پیمانے پر تیار کرنے کا کئی سال کا تجربہ حاصل ہے۔ سام سنگ الیکٹرانکس نے 2019 میں پہلا گلیکسی فولڈ متعارف کرایا تھا اور اس کے بعد سام سنگ ڈسپلے نے فولڈ ایبل اسکرین میں پڑنے والی شکن، پائیداری اور پیداوار کی شرح جیسے اہم مسائل پر کام کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل نے مبینہ طور پر کم از کم 3 سال تک فولڈ ایبل او ایل ای ڈی پینلز صرف سام سنگ ڈسپلے سے حاصل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
کورین ڈسپلے صنعت کے عہدیدار نے کہا کہ ایپل عام طور پر اپنے سپلائرز میں تنوع کو بہت اہمیت دیتا ہے، اس لیے پہلی نسل کی مصنوعات کے سب سے اہم پرزے کے لیے ایک ہی کمپنی پر انحصار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ فی الحال متبادل حاصل کرنا آسان نہیں۔
دیگر شعبوں میں بھی کوریا پر انحصار
اسمارٹ اینالیٹکس گلوبل کی بانی اور پرنسپل تجزیہ کار لنڈا سوئی کے مطابق آئی فون ڈو مجموعی طور پر عالمی سطح پر حاصل کیے گئے پرزوں پر مشتمل ہے، تاہم کئی اہم اور مشکل سے تبدیل کیے جانے والے ٹیکنالوجی حصوں کے لیے جنوبی کوریا پر غیرمعمولی انحصار موجود ہے۔
ان کے مطابق فولڈ ایبل او ایل ای ڈی ڈسپلے اس کی واضح مثال ہے کیونکہ سام سنگ ڈسپلے کو ٹیکنالوجی کی پختگی، مینوفیکچرنگ کے تجربے اور ایپل کی معیار، پیداوار کی شرح اور بڑے پیمانے پر فراہمی سے متعلق ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت حاصل ہے۔
لنڈا سوئی نے کہا کہ دیگر ڈسپلے ساز ادارے بھی اعلیٰ معیار کے فولڈ ایبل او ایل ای ڈی پینلز تیار کرسکتے ہیں، تاہم لاکھوں فونز کے لیے مستقل معیار اور بڑے پیمانے پر پیداوار کے ساتھ ایپل کی تمام ضروریات پوری کرنا کہیں زیادہ مشکل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہواوے کا نیا فولڈ ایبل فون متعارف، ایپل اور شیاؤمی سے مقابلہ مزید سخت
فولڈ ایبل اسکرین کے علاوہ سام سنگ الیکٹرانکس اور ایس کے ہائنکس عالمی سطح پر ڈرام اور نینڈ میموری کے بڑے سپلائرز بھی ہیں، جبکہ امریکا کی مائیکرون بھی اس شعبے میں اہم کمپنی ہے۔ میموری کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث اس شعبے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
کورین ٹیلی کمیونیکیشن صنعت کے ایک عہدیدار کے مطابق اس صورتحال سے ایپل پر دباؤ بھی پیدا ہوسکتا ہے کیونکہ کمپنی عام طور پر اپنی بڑی خریداری کی طاقت استعمال کرتے ہوئے پرزوں کی قیمتیں کم رکھنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن بعض اہم حصوں خصوصاً میموری کے معاملے میں یہ حکمت عملی کم مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مائیکرون کے علاوہ کوریا سے باہر اس شعبے میں متبادل سپلائرز کی تعداد بہت محدود ہے۔
ایپل کی پریمیم اسمارٹ فون فروخت رواں سال کی پہلی ششماہی میں بھی 9 فیصد بڑھی ہے۔ تاہم کورین صنعت کے عہدیدار کے مطابق سام سنگ نے گزشتہ 7 سال کے دوران فولڈ ایبل فون تیار کرنے کی صلاحیت ثابت کی ہے، اب ایپل کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس کا فولڈ ایبل فون 1,999 ڈالر کی قیمت کے قابل کیوں ہے۔














