ایپل کا فولڈ ایبل آئی فون، سام سنگ سے ڈسپلے کی خریداری کا معاہدہ

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایپل نے اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے لیے سام سنگ سے ڈسپلے حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا ہے، جس کے تحت سام سنگ کو ہر ڈسپلے کے عوض تقریباً 250 ڈالر ادا کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون ’آئی فون ڈیو‘ کے ڈسپلے فراہم کرنے کے لیے 3 سالہ معاہدہ حاصل کیا ہے، جس سے دونوں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان کاروباری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ہواوے کا نیا فولڈ ایبل فون متعارف، ایپل اور شیاؤمی سے مقابلہ مزید سخت

سام سنگ پہلے ہی ’آئی فون ڈیو‘ کے ڈسپلے تیار کرنے والی کمپنی کے طور پر سامنے آچکا ہے اور اسے ان ڈسپلے کی خصوصی فراہمی کے حقوق بھی حاصل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کو یہ معاہدہ اس لیے کرنا پڑا کیونکہ کوئی دوسری کمپنی اس کی مطلوبہ معیار کی فولڈنگ اسکرین فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی۔

ایپل کی ایک اور بڑی ڈسپلے فراہم کرنے والی کمپنی ایل جی ڈسپلے فولڈنگ اسکرین تیار نہیں کرتی، جبکہ بی او ای نے ہواوے کے لیے فولڈنگ ڈسپلے فراہم کیے ہیں، تاہم ایپل نے ان ڈسپلے کو اپنی ضروریات کے لیے ناکافی قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق ’آئی فون ڈیو‘ کی اندرونی اسکرین ’آئی فون 18 پرو میکس‘ کے ڈسپلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ پیچیدہ ہے، جس کے باعث اس کی تیاری کی لاگت بھی زیادہ ہے۔ فولڈنگ ڈسپلے کی تیاری میں جدید اور محنت طلب پیداواری عمل درکار ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کتاب کی طرح کھلنے اور بند ہونے والا آئی فون، قیمت آپ کے ہوش اڑا دے گی

سام سنگ کو ادا کی جانے والی 250 ڈالر کی قیمت میں ڈسپلے کی تیاری کے علاوہ اسے جوڑنے اور جانچنے کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔ یہ قیمت صرف مرکزی اندرونی اسکرین کے لیے ہے، جبکہ بیرونی اسکرین کی قیمت کے بارے میں رپورٹ میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔

کتابی طرز کے ڈیزائن والے ’آئی فون ڈیو‘ میں بیرونی ڈسپلے کے ساتھ ایک بڑی اندرونی فولڈنگ اسکرین دی جائے گی۔ یہ ایپل کی فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں پہلی باقاعدہ انٹری ہوگی اور رواں سال اس کی ابتدائی قیمت 1,999 ڈالر متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کی زیادہ قیمت کی ایک بڑی وجہ اس کے ڈسپلے میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی ہے، جس کا مقصد بہتر چمک، زیادہ عمر اور اسکرین پر فولڈنگ کے نشان کو انتہائی کم رکھنا ہے، جس سے سام سنگ کا ایپل کے لیے اہم ڈسپلے فراہم کنندہ کے طور پر کردار مزید نمایاں ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp