ہواوے کا نیا فولڈ ایبل فون متعارف، ایپل اور شیاؤمی سے مقابلہ مزید سخت

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہواوے نے پریمیم اسمارٹ فونز مارکیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوششوں کے تحت نیا فولڈ ایبل فون ’میٹ ایکس ٹی 2‘ متعارف کرا دیا۔

ہواوے میٹ ایکس ٹی 2 دو مرتبہ کھل کر ٹیبلیٹ کے حجم کی اسکرین میں تبدیل ہوجاتا ہے، جبکہ اس میں کمپنی کی نئی ’کرن 9050 پرو‘ چپ استعمال کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہواوے نے نئی نووا 16 سیریز متعارف کرا دی، کیا یہ سال کا سب سے طاقتور اسمارٹ فون ثابت ہوگا؟

میٹ ایکس ٹی 2 میں فولڈنگ نظام کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے اور پانی سے تحفظ بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ فون کے ساتھ ایک اختیاری اسکرین بھی دستیاب ہے جو اردگرد موجود افراد کو فون پر دکھائی جانے والی معلومات دیکھنے سے روکتی ہے۔

فون میں کیمروں کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جبکہ کمپنی کے مطابق اس کی مجموعی کارکردگی گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 42 فیصد بہتر ہے۔

ہواوے کے مطابق نئی چپ کا ڈیزائن کم بجلی استعمال کرتے ہوئے زیادہ کمپیوٹنگ طاقت فراہم کرتا ہے، جس سے کمپنی کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی پر عائد امریکی پابندیوں سے نمٹنے میں مدد مل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شیاؤمی کا نیا فولڈ ایبل فون ’18 فولڈ‘ متعارف، قیمت کیا اور دستیابی کہاں ہوگی؟

امریکی پابندیوں کے باعث ہواوے امریکا میں اپنے فون فروخت نہیں کرتی۔ تحقیقاتی ادارے آئی ڈی سی کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں چین کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ہواوے کا حصہ 22.6 فیصد رہا، جو ایپل کے 18.1 فیصد اور شیاؤمی کے 12.4 فیصد سے زیادہ ہے۔

فولڈ ایبل فونز کی چینی مارکیٹ میں ہواوے کی برتری مزید نمایاں ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے اسمارٹ اینالیٹکس گلوبل کے مطابق دوسری سہ ماہی میں چین میں فولڈ ایبل فونز کی ترسیلات میں ہواوے کا حصہ 68 فیصد رہا۔

چین کی ایک اور ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی نے بھی آج ہی اپنا نیا فولڈ ایبل فون متعارف کرا ردیا ہے، جبکہ ایپل بدھ کو اپنی نئی آئی فون سیریز پیش کرے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایپل بھی فولڈ ایبل فون متعارف کرا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp