صدر مملکت نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو نشان امتیاز ملٹری عطا کردیا

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔

ایوان صدر میں اعزاز دینے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ارکان پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کی ملاقات، تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کی۔ صدر نے انہیں نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازے جانے پر مبارکباد دی۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بلیو اکانومی اور بحری شعبے کی باہمی ترقی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جسے بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان نیوی کی جانب سے منعقد کی جانے والی مشقوں میں انڈونیشین بحریہ کی باقاعدہ شرکت کو بھی سراہا، انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندر ڈبلیو سوکوتجو بھی ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ تھے۔

دریں اثنا انڈونیشین نیول چیف نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک انڈونیشیا مشترکہ فوجی مشق شاہین اسٹرائیک II  کامیابی سے مکمل

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی اشتراک اور مشترکہ مشقوں کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

فریقین نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں سمیت انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp