ایشین چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان ہاکی ٹیم کا بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ہاکی ٹیم کا آئندہ ماہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت کا دورہ حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے  کہا ہے کہ قومی ٹیم کے دورہ بھارت اور ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ حکومت کی منظوری سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا فیصلہ، قومی ٹیم کے لیے ہائی پرفارمنس 4 غیر ملکی کوچز کی تقرری

وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ وزارت کی ذمہ داریاں بھی انجام دینے والے محی الدین احمد وانی نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن حکومت کے فیصلے کی پابندی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا دورہ حکومتی اجازت سے مشروط ہے، حکومت جو فیصلہ کرے گی فیڈریشن اسی پر عمل کرے گی۔

محی الدین احمد وانی نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے پاکستان کی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے بیان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مؤقف پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کہا تھا کہ پاکستان ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شریک 6 ٹیموں میں شامل ہوگا۔ انہوں نے موہالی میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں کوئی مسئلہ نہیں، تاہم شاید بھارت اور پاکستان کے درمیان انفرادی سیریز نہیں ہوسکتیں۔

یہ بھی پڑھیں: جونیئر مینز ہاکی ایشیا کپ: سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست، پاکستان ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

ایشین چیمپیئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت میں شیڈول ہے، جس میں میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹورنامنٹ کے لیگ میچز جالندھر میں کھیلے جائیں گے جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل موہالی میں ہوں گے۔

بھارتی کھیلوں کی پالیسی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی ہے، تاہم بھارتی وزارت کھیل کا مؤقف ہے کہ اولمپک چارٹر کے تحت دونوں ممالک کثیر ملکی مقابلوں میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل سکتے ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ سال مئی میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تمل ناڈو میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔

بھگونت مان نے کہا کہ یکم نومبر کو جالندھر میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مجوزہ میچ ٹورنامنٹ کی خاص کشش میں شامل ہوگا اور یہ مقابلہ پنجاب ڈے کے موقع پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ’ادھار‘ لیکر چین روانہ، ’اب یہ کس کا وژن ہے؟‘

انہوں نے کہا کہ ہاکی کے میدان میں بھارت اور پاکستان کی اپنی رقابتیں ہیں، تاہم کھیل کی اپنی زبان ہوتی ہے۔

اس موقع پر موجود ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے دونوں ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تعلقات کو بہترین قرار دیا، ایشین چیمپیئنز ٹرافی ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد کی جارہی ہے۔

گزشتہ سال ایشین چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد نہیں ہوا تھا، جبکہ بھارت موجودہ دفاعی چیمپیئن ہے۔ بھارت نے 2023 میں چنئی میں ہونے والا ایڈیشن جیتا تھا، جس میں پاکستان نے بھی شرکت کی تھی، جبکہ 2024 کا ایڈیشن چین کے شہر ہولنبیر میں جیت کر بھارت نے اعزاز کا دفاع کیا تھا۔

ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اکتوبر کو جالندھر سے ہوگا جبکہ فائنل 5 نومبر کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp