ایران میں بی ایل اے کمانڈر ’نوخاب‘ ہلاک، سرحد پار دہشتگرد نیٹ ورک بے نقاب

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے علاقے سراوان میں ایرانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف جھڑپ کے دوران فتنہ الہندوستان بی ایل اے کے سینیئر کمانڈر ڈاکٹر عبدالرشید عرف ’نوخاب‘ کی ہلاکت نے سرحد پار دہشتگردی کو سہارا دینے والے غیر ملکی نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ افغان سر زمین سے ہونے والی دہشتگردی، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرے، پاکستان

ذرائع کے مطابق سینیئر بی ایل اے کمانڈر نوخاب کی سراوان میں موجودگی اور ہلاکت اس بات کو واضح کرتی ہے کہ بی ایل اے کا اہم دہشتگرد عناصر ایرانی سرزمین سے چھپ کر کارروائیاں کر رہا تھا۔

نوخاب کی برسوں تک ایران سے سرگرمیاں اس بات کو اجاگر کرتی ہیں کہ کس طرح فتنہ الہندوستان بی ایل اے نے ایرانی سرزمین کو اپنے کارندوں کو چھپانے، رابطے برقرار رکھنے اور اپنے دہشتگرد نیٹ ورکس کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کمانڈر ڈاکٹر نصیر کے قریبی ساتھی کے طور پر نوخاب نظیم کے سینیئر دہشتگرد نیٹ ورک کا حصہ تھا اس کی موت بی ایل اے کی قیادت کے ڈھانچے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

مزید پڑھیے: ڈاکٹر بننے کا خواب ادھورا، میڈیکل طالب علم کی کالعدم بی ایل اے میں شمولیت اور ہلاکت

ایران میں بی ایل اے سے منسلک عناصر کا بے نقاب ہونا اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کس طرح ایران پاکستان سرحد کا فائدہ اٹھا کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ، بی ایل اے کے تعاون، غیر ملکی سرپرستی اور سرحد پار سہولت کاری کا یکجا ہونا ایک مربوط دہشتگرد ایکو سسٹم کی نشاندہی کرتا ہے جس کا مقصد بلوچستان میں عدم استحکام اور تشدد کو ہوا دینا ہے۔

پاکستان نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشتگردی کا مؤثر طریقے سے مقابلہ اس وقت تک نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ دہشتگرد کمانڈروں، سہولت کاروں اور سپورٹ نیٹ ورکس کو پڑوسی علاقوں سے کام کرنے کی اجازت دی جاتی رہے۔

مزید پڑھیں: زیارت کراس حملہ: ٹی ٹی پی نے کارروائی کی، ذمہ داری بی ایل اے نے کیوں قبول کی؟ باہمی تعاون پر سوالات اٹھ گئے

یہ پیشرفت دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے اور پڑوسی علاقے کو پاکستان کے خلاف حملوں کو جاری رکھنے کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مضبوط علاقائی کارروائی کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp