دلجیت دوسانجھ کا نصرت فتح علی خان کو شاندار خراجِ عقیدت، ’سانسوں کی مالا‘ گا کر مداحوں کے دل جیت لیے

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال استاد نصرت فتح علی خان کو عظیم فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نصرت صاحب کا گانا گانا کسی کے لیے بھی آسان نہیں۔

بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران لیجنڈری پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دلجیت دوسانجھ لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی گلوکار بن گئے

دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنے ’آورا ورلڈ ٹور‘ پر ہیں، جس کے تحت لندن میں ہونے والے کنسرٹ میں انہوں نے اپنی پرفارمنس کا آغاز معروف جملے ’پنجابی آیا‘ سے کیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے نصرت فتح علی خان کا مشہور گیت ’سانسوں کی مالا‘ پیش کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by DILJIT DOSANJH (@diljitdosanjh)

نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ نصرت صاحب ایک عظیم فنکار تھے اور ان کا گانا گانا کسی کے لیے بھی آسان نہیں تھا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے نصرت فتح علی خان کا گانا پیش کرنا چاہتے تھے کیونکہ وہ ان کے نزدیک ایک لیجنڈ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت سرکار دلجیت دو سانجھ کی فلم ’ستلج‘ سے کیوں خوفزدہ ہے؟

دلجیت دوسانجھ نے اپنی پرفارمنس کے دوران ہونے والی غلطیوں پر معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ نصرت فتح علی خان کی دھنوں کو گانا انتہائی مشکل کام ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب دلجیت دوسانجھ نے کسی بڑے عالمی اسٹیج پر پاکستان سے متعلق محبت کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل وہ لندن میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ بھی پرفارم کرچکے ہیں۔

بعد ازاں دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp