ملکی معیشت میں شاندار بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 70 فیصد کمی، صنعتی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں نئے مالی سال کے آغاز پر ملکی معیشت میں شاندار بہتری سامنے آئی ہے، جس میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اگست میں 70 فیصد کم ہو گیا ہے، جبکہ جولائی میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی پیداوار میں 3.0 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق نئے مالی سال 27-2026 کے پہلے مہینے جولائی میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 3.0 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 9.5 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا۔

یہ مثبت آغاز گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی مینوفیکچرنگ میں 6.6 فیصد اور ایل ایس ایم میں 5.0 فیصد کی شاندار بحالی کا ہی تسلسل ہے۔

مختلف صنعتی شعبوں کی کارکردگی

رپورٹ کے مطابق جولائی کے دوران متعدد اہم صنعتی شعبوں میں نمایاں ترقی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق آٹوموبائل سیکٹر میں سب سے زیادہ 57.0 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:معاشی استحکام بحال، فچ ایجنسی نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر رپورٹ جاری کردی

اسی طرح دیگر ٹرانسپورٹ آلات میں 40.2 فیصد، گارمنٹس میں 22.0 فیصد، فیبریکیٹڈ میٹلز میں 13.6 فیصد، فرنیچر میں 10.1 فیصد، الیکٹریکل آلات میں 7.9 فیصد اور سیمنٹ کی پیداوار میں 6.2 فیصد کا مثبت رجحان سامنے آیا۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی

دوسری جانب پاکستان کے بیرونی کھاتوں کی صورتحال میں بھی زبردست بہتری آئی ہے۔ اگست 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تیزی سے کم ہو کر محض 98 ملین ڈالر رہ گیا، جو کہ گزشتہ سال کے 324 ملین ڈالر کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی کے 445 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر بھی اس میں 78 فیصد کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ (جولائی اور اگست) کے دوران مجموعی خسارہ گزشتہ سال کے 853 ملین ڈالر سے کم ہو کر 543 ملین ڈالر پر آ گیا ہے، جو کہ 36 فیصد کی بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔

ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ

رپورٹ کے مطابق ملکی بیرونی کھاتوں کو مضبوط غیر ملکی زرمبادلہ کی آمدنی سے بھرپور سہارا مل رہا ہے۔ اگست کے دوران ترسیلات زر میں 16.5 فیصد، سروسز کی برآمدات میں 28.8 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد اور فری لانسرز کی آمدنی میں 42 فیصد کا متاثر کن سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی معیشت اور ٹیکنالوجی کا مستقبل، اسلام آباد میں 9ویں لیڈرز بزنس سمٹ کی تیاریاں

جولائی اور اگست کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق ترسیلات زر میں 14.7 فیصد، سروسز برآمدات میں 28.9 فیصد اور فری لانسرز کی کمائی میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مینوفیکچرنگ میں مسلسل بہتری پاکستان کے موجودہ معاشی عبوری دور کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ معاشی استحکام اب سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کر رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری، پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جو کہ پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں۔

گو کہ بعض صنعتی شعبوں کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن مجموعی معاشی اشاریے استحکام سے پیداواری ترقی کی جانب ایک کامیاب سفر کی نشاندہی کرتے ہیں۔

پاکستان زیادہ مضبوط بیرونی پوزیشن کے ساتھ نئے مالی سال میں داخل ہو چکا ہے اور اب اگلا مرحلہ برآمدات اور غیر ملکی زرمبادلہ کی آمدنی میں اضافے کے ذریعے اس استحکام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp