دوران پرواز طیارے کے شدید جھٹکے، چھت کے پینل ٹوٹ گئے، مسافر خوفزدہ

جمعرات 17 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران میں پرواز کے دوران اچانک شدید جھٹکوں سے طیارے کا اندرونی حصہ بری طرح متاثر ہوگیا، چھت کے پینل اور اوورہیڈ کمپارٹمنٹس کے حصے مسافروں پر گرنے لگے جبکہ خوف زدہ مسافر چیختے اور دعائیں کرتے رہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو سیفران ایئرلائنز کے بوئنگ 737 طیارے میں پیش آیا جو مشہد سے کرمان شاہ جا رہا تھا۔ پرواز کے دوران اچانک شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں طیارے کے کیبن میں موجود چھت کے پینل اور سامان رکھنے والے خانوں کے حصے ٹوٹ کر نیچے گرنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق طیارے کو ٹیک آف کے دوران انجن میں خرابی اور ٹائر پھٹنے جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

واقعے کی ویڈیو میں مسافروں کو اپنی نشستوں اور اوورہیڈ کمپارٹمنٹس کو مضبوطی سے پکڑے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ کچھ مسافر گرنے والے ملبے سے بچنے کے لیے ہاتھ اوپر کیے ہوئے ہیں۔ کیبن میں مسافروں کی چیخیں اور دعاؤں کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔

صورتحال سنگین ہونے پر پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا اعلان کرتے ہوئے مشہد کے ہاشمی نژاد انٹرنیشنل ایئرپورٹ واپس جانے کی اجازت طلب کی۔ طیارہ بحفاظت ایئرپورٹ پر اتر گیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ حادثہ، ابتدائی رپورٹ کیا کہتی ہے؟

رپورٹ کے مطابق طیارے میں 127 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے اور واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کے باعث ایئرپورٹ کا ایک رن وے عارضی طور پر بند کردیا گیا، جبکہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

مسافروں کو بعد ازاں ایک دوسری پرواز کے ذریعے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق طیارے کے نقصان کی نوعیت اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp