دنیا کی معروف نیو انرجی وہیکل برانڈ بی وائی ڈی نے میگا موٹر کمپنی کے اشتراک سے پاکستان آٹو شو 2026 میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا دی۔
نمائش میں الیکٹرک اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کے علاوہ بی وائی ڈی کا نیا لگژری برانڈ ڈینزا اور کمپنی کی مستند ایکسیسریز کی وسیع رینج بھی پیش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بی وائی ڈی کی چھوٹی گاڑی کا جاپان میں بڑا ہدف، چینی کمپنی نے ’کی کار‘ مارکیٹ پر نظریں جما لیں
پاکستان آٹو شو 2026 میں بی وائی ڈی سیلین 6 لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہی، جو پاکستان میں کمپنی کی مقامی سطح پر اسمبل ہونے والی پہلی گاڑی ہوگی۔ کمپنی کے مطابق اس ماڈل کی مقامی اسمبلی 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
نمائش میں بی وائی ڈی کی مکمل لائن اپ میں ایٹو 2 بھی شامل تھی، جسے پاکستان کی مقبول ترین الیکٹرک گاڑی قرار دیا گیا، جبکہ شارک 6 کا اینیورسری ایڈیشن آؤٹ بیک اورنج رنگ میں پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ بی وائی ڈی سیلین 6 اور کمپنی کا لگژری ٹیکنالوجی برانڈ ڈینزا بی 8 بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔

کمپنی کے مطابق یہ تمام ماڈلز پاکستان میں بی وائی ڈی کے بڑھتے ہوئے اعتماد، نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے وسیع پورٹ فولیو اور پاکستانی صارفین کے لیے روایتی پیٹرول انجن والی گاڑیوں کے متبادل کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میڈ اِن پاکستان الیکٹرک گاڑی کی مارکیٹ میں آمد جلد متوقع، بی وائی ڈی نے اہم اعلان کردیا
بی وائی ڈی سیلین 6 کمپنی کی عالمی سطح پر کامیاب سپر ڈی ایم ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں 85 لاکھ سے زائد گاڑیاں فروخت ہوچکی ہیں۔ گاڑی میں سپر ڈی ایم آئی پلیٹ فارم استعمال کیا گیا ہے، جو جدید ہائبرڈ نظام کے طور پر الیکٹرک ڈرائیونگ کے فوائد کو پلگ اِن ہائبرڈ سہولت کے ساتھ جوڑتا ہے اور ایک ہزار 100 کلومیٹر تک کی مجموعی رینج فراہم کرتا ہے۔
کمپنی کے مطابق سپر ڈی ایم آئی ٹیکنالوجی میں ڈرائیونگ کے دوران بجلی کی طاقت کو مرکزی حیثیت حاصل رہتی ہے، جبکہ ضرورت کے مطابق الیکٹرک اور ہائبرڈ پاور کے درمیان خودکار توازن قائم کیا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بہتر فیول ایفیشنسی کے ساتھ گاڑی کی کارکردگی بھی برقرار رہتی ہے۔
بی وائی ڈی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی پاکستان میں روزمرہ ڈرائیونگ کی عملی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، جس میں مؤثر الیکٹرک سہولت کے ساتھ طویل سفر کے دوران بیٹری ختم ہونے کے خدشات بھی کم ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بی وائی ڈی کی 2 نئی الیکٹرک ایس یو ویز متعارف، پاکستان کے پہلے چارجنگ کوریڈور کے قیام کا بھی اعلان
سیلین 6 کی مقامی اسمبلی 2026 کی چوتھی سہ ماہی سے شروع کرنے کا منصوبہ بی وائی ڈی اور میگا موٹر کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس اقدام کے ذریعے پاکستان میں عالمی نیو انرجی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے ساتھ مقامی پیداواری نیٹ ورک بھی قائم کیا جائے گا۔

اس موقع پر بی وائی ڈی پاکستان کے کنٹری ہیڈ لی ژیان نے کہا کہ پاکستان میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے شعبے میں نمایاں صلاحیت موجود ہے اور پاکستان میں بی وائی ڈی کی آمد سے کمپنی کا پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد مزید بڑھا ہے، جس سے صارفین کو نئی ٹیکنالوجی میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آٹو شو 2026 کمپنی کی موجودہ ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی وسیع رینج دکھانے کے ساتھ مستقبل کی سمت واضح کرنے کا بھی موقع فراہم کررہا ہے۔ بی وائی ڈی سیلین 6 کی مقامی سطح پر اسمبلی پاکستان میں کمپنی کی طویل مدتی موجودگی قائم کرنے اور ملک میں نئی توانائی سے چلنے والی نقل و حرکت کی جانب منتقلی میں معاونت کے لیے ایک اہم قدم ہے۔














