بی وائی ڈی کی چھوٹی گاڑی کا جاپان میں بڑا ہدف، چینی کمپنی نے ’کی کار‘ مارکیٹ پر نظریں جما لیں

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چینی الیکٹرک گاڑیوں کی بڑی کمپنی بی وائی ڈی نے جاپان کی انتہائی مقبول چھوٹی گاڑیوں کی مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے نئی حکمت عملی اختیار کرلی ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی مخصوص الیکٹرک ’کی کار‘ متعارف کرا دی ہے۔

جاپان میں کئی برس سے کاروباری کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والی بی وائی ڈی کے لیے جاپانی مارکیٹ اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ تاہم کمپنی کو امید ہے کہ اس کی نئی چھوٹی برقی گاڑی ’ریکو‘ جاپانی صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:میڈ اِن پاکستان الیکٹرک گاڑی کی مارکیٹ میں آمد جلد متوقع، بی وائی ڈی نے اہم اعلان کردیا

جاپان ٹائمز کے مطابق جولائی میں متعارف کرائی گئی ’ریکو‘ کا نام جاپانی زبان میں سمندری جانور ’اوٹر‘ کے لیے استعمال ہونے والے لفظ سے لیا گیا ہے۔ یہ گاڑی جاپان کی مقبول ’کی جیدوشا‘ یعنی لائٹ کار کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔

’کی کار‘ جاپان کی آٹو مارکیٹ کا منفرد حصہ ہے۔ ان گاڑیوں کی لمبائی زیادہ سے زیادہ 3.4 میٹر اور چوڑائی 1.48 میٹر تک ہوتی ہے، جبکہ ان کے لیے ٹیکس اور انشورنس کے الگ قواعد بھی نافذ ہیں۔ چھوٹا حجم، کم خرچ اور شہری علاقوں میں آسان استعمال ان گاڑیوں کو جاپانی صارفین میں مقبول بناتا ہے۔

بی وائی ڈی کی نئی گاڑی کی ابتدائی قیمت 21 لاکھ 45 ہزار ین، یعنی تقریباً 13 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس قیمت پر صارفین کو مناسب فیچرز اور بہتر ڈرائیونگ رینج فراہم کی جائے گی۔

جاپان کی مقامی کمپنی نسان کی ’ساکورا‘ الیکٹرک منی کار اس شعبے میں پہلے ہی مقبول ہے۔ تاہم بی وائی ڈی کا دعویٰ ہے کہ ’ریکو‘ زیادہ فیچرز اور مکمل چارج پر بہتر رینج فراہم کرتی ہے، جس سے اسے مقامی حریف کے مقابلے میں مسابقتی برتری مل سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جاپانی صارفین کی مقامی برانڈز سے مضبوط وابستگی کے باعث بی وائی ڈی کے لیے یہ مارکیٹ آسان نہیں ہوگی، تاہم ’کی کار‘ کے ذریعے چینی کمپنی نے پہلی مرتبہ جاپانی صارفین کی روزمرہ ضرورت کے عین مطابق گاڑی پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp