واٹس ایپ اکاؤنٹ مزید محفوظ بنائیں، پاس ورڈ لگانے کا نیا آپشن آگیا

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرا دیا، جس کے تحت صارفین اپنے اکاؤنٹ کے تحفظ کے لیے مضبوط پاس ورڈ سیٹ کرسکیں گے۔

واٹس ایپ نے صارفین کو پیغام کے ذریعے اس نئی سہولت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکاؤنٹ کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے پاس ورڈ شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جاکر اکاؤنٹ اور پھر پاس ورڈ کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اکاؤنٹ سیکیورٹی کے لیے پہلے سے موجود ٹو اسٹیپ ویری فکیشن میں بھی اہم تبدیلی کی ہے۔ کمپنی کے مطابق 6 ہندسوں والے پن کو زیادہ مضبوط پاس ورڈ سے تبدیل کیا جارہا ہے، جس میں حروف، اعداد اور خصوصی علامات شامل کی جاسکتی ہیں، تاکہ اسے اندازہ لگانا مشکل ہو۔

واٹس ایپ کے مطابق پاس ورڈ اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اضافی حفاظتی تہہ فراہم کرتا ہے، تاہم صرف پاس ورڈ سیٹ کرنے سے ایسے شخص کو اکاؤنٹ سے نہیں نکالا جاسکتا جس نے پہلے ہی اس پر قبضہ کرلیا ہو۔ ایسی صورت میں پہلے اکاؤنٹ کی بحالی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ میں پرانے پیغامات تلاش کرنا مزید آسان ہوگیا

کمپنی نے اکاؤنٹ کی حفاظت کے لیے پاس کی کی سہولت بھی مزید بہتر بنائی ہے۔ صارفین پاس کی کے ذریعے فنگر پرنٹ، فیس آئی ڈی یا فون کے اسکرین لاک کی مدد سے واٹس ایپ میں دوبارہ لاگ اِن ہوسکتے ہیں۔ واٹس ایپ کے مطابق ایک ارب سے زائد افراد پہلے ہی پاس کی سیٹ کرچکے ہیں اور اب ایک اکاؤنٹ پر ایک سے زیادہ پاس کی شامل کرنے کی سہولت بھی دی جارہی ہے۔

واٹس ایپ نے رواں سال سیکیورٹی کے لیے ’سخت اکاؤنٹ سیٹنگز‘ کا فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جو خاص طور پر ان صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے جنہیں پیچیدہ سائبر حملوں کا زیادہ خطرہ ہوسکتا ہے۔ اس فیچر کے تحت نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو خاموش کرنے اور غیر معروف افراد کی جانب سے بھیجی گئی میڈیا فائلز اور اٹیچمنٹس کو خودکار طور پر روکنے جیسے حفاظتی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

واٹس ایپ صارفین کو یہ بھی مشورہ دیتا ہے کہ وہ اپنا پاس ورڈ، رجسٹریشن کوڈ یا دیگر حساس معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور اکاؤنٹ سے منسلک ڈیوائسز کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp