شاداب خان کے انتخاب پر توصیف احمد اور ثقلین مشتاق آمنے سامنے

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق اسپنرز توصیف احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان شاداب خان کے قومی ٹیم میں انتخاب کے معاملے پر کھلا اختلاف سامنے آگیا، توصیف احمد نے مبینہ جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس اس حوالے سے ایک ریکارڈنگ موجود ہے، جبکہ ثقلین مشتاق نے ریکارڈنگ عوام کے سامنے لانے کا چیلنج دے دیا۔

پاکستان کے عبوری چیف سلیکٹر رہنے والے توصیف احمد نے سابق کرکٹر فواد عالم کے یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ثقلین مشتاق شاداب خان کے معاملے میں حد سے زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک فون کال کے ذریعے شاداب کے معاملے میں ’نرمی برتنے‘ کا کہا گیا، جبکہ ایک اور شخص نے بھی مبینہ طور پر ثقلین مشتاق کی جانب سے ان سے رابطہ کیا۔ میزبان کی جانب سے پوچھے جانے پر کہ کیا وہ ثقلین مشتاق کی بات کر رہے ہیں، توصیف احمد نے اس کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیے شاداب خان ٹیم میں کہاں فٹ؟ محمد حفیظ اور ثقلین مشتاق کے درمیان لائیو شو میں تکرار

توصیف احمد نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس مبینہ گفتگو کی ریکارڈنگ موجود ہے جو اس معاملے میں ہونے والی بات چیت کو واضح کرسکتی ہے۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ میں مبینہ پسند و ناپسند کی روایت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی کارکردگی نہیں دکھا رہا تو اسے محض تعلقات یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر مواقع دینا دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے سفیان مقیم سمیت دیگر کھلاڑیوں کو مواقع نہ ملنے پر بھی سوال اٹھایا۔

ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پر توصیف احمد کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہیں مبینہ ریکارڈنگ عوام کے سامنے جاری کرنے کا چیلنج دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے توصیف احمد سے بحیثیت سینئر کرکٹر احترام کے ساتھ رابطہ کیا تھا اور گفتگو کا مقصد کسی قسم کا دباؤ ڈالنا نہیں تھا۔

ثقلین نے کہا کہ وہ بھی اس معاملے کا مکمل ریکارڈ رکھتے ہیں اور اگر توصیف احمد اپنی ریکارڈنگ جاری کرتے ہیں تو وہ اپنا ریکارڈ بھی عوام کے سامنے لے آئیں گے تاکہ دونوں جانب کا مؤقف سامنے آسکے۔

یہ بھی پڑھیے فاسٹ بولر محمد عباس کی ٹیسٹ ٹیم میں سلیکشن کیخلاف کون تھا؟ توصیف احمد نے راز کھول دیا

دونوں سابق کرکٹرز کی جانب سے تاحال مبینہ ریکارڈنگ یا اپنے دعووں کے حق میں دیگر شواہد عوام کے سامنے نہیں لائے گئے۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شاداب خان نے حال ہی میں کیریبین پریمیئر لیگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 2026 کی سی پی ایل میں اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے گیانا ایمازون واریئرز کے خلاف کوالیفائر ون میں 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی دوسری ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔

ان کی عمدہ باؤلنگ کے باعث گیانا کی ٹیم صرف 76 رنز پر آؤٹ ہوئی اور فالکنز نے 5.2 اوورز میں ہدف حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔

شاداب پاکستان کی جانب سے آخری بار 4 جون کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں کھیلے تھے، تاہم انہیں 2026 ایشین گیمز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp