امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور ایران کے خلاف پابندیوں سے متعلق قانون پر دستخط کرکے اسے نافذ کردیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون کے تحت ایران پر پہلے سے عائد امریکی پابندیوں کو مزید توسیع دی گئی ہے، جبکہ روس کے خلاف پابندیوں، محصولات اور دیگر اقتصادی اقدامات کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے۔
نئے قانون میں امریکی صدر کو ان ممالک پر 100 فیصد تک محصولات عائد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جو پابندیوں کی خلاف ورزی کریں گے۔
قانون کی منظوری کے لیے امریکی ایوان نمائندگان میں بدھ کو ووٹنگ ہوئی، جہاں بل کے حق میں 262 جبکہ مخالفت میں 159 ووٹ ڈالے گئے۔
بعد ازاں امریکی سینیٹ نے بھی قانون کی منظوری دے دی، جہاں 86 ارکان نے حمایت اور 11 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
قانون کے نفاذ کے بعد امریکی انتظامیہ کو روس اور ایران سے متعلق پابندیوں پر عملدرآمد مزید سخت کرنے اور خلاف ورزی کرنے والے ممالک کے خلاف اضافی تجارتی اقدامات اٹھانے کے اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔













