پاکستانی روپیہ مزید مستحکم، ڈالر کتنے کا ہوگیا؟

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹربینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رہا اور روپیہ 0.01 فیصد کی بہتری ریکارڈ کرنے میں کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری

کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 277.22 روپے پر بند ہوئی جس سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 روپے (3 پیسے) کا اضافہ ہوا۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں روپیہ 0.03 فیصد اضافے کے ساتھ 277.25 روپے پر بند ہوا تھا۔

جاپانی ین اور ایشیائی مارکیٹ

عالمی سطح پر پیر کے روز کرنسی مارکیٹ کی تمام تر توجہ جاپانی ین پر مرکوز رہی جو گزشتہ ہفتے 2 فیصد کی بڑی گراوٹ کے بعد 156.64 فی ڈالر پر مستحکم دیکھا گیا۔ جاپان میں 3 روزہ عمومی تعطیل کے باعث ٹریڈنگ کا حجم کم رہا۔

عالمی کرنسیاں اور ڈالر انڈیکس

یورپی ملک جرمنی کے مقامی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی پارٹی کی کامیابی کے اشاروں کے بعد یورو 1.1482 ڈالر کی سطح پر معلق رہا۔

6 اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کا انڈیکس 100.23 پر مستحکم رہا۔

مزید پڑھیے: خراماں خراماں: روپے کی قدر مسلسل مضبوطی کی سمت گامزن، جانیے یہ سلسلہ کب سے جاری ہے؟

سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق فیڈرل ریزرو کے جاری کردہ اشاروں کے بعد مارکیٹ میں اکتوبر کے اگلے اجلاس کے دوران شرح سود میں اضافے کے امکانات گزشتہ ہفتے کے 42.5 فیصد سے بڑھ کر 55 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔

خام تیل کی قیمتیں

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 10 ستمبر کے بعد سے کم ترین سطح پر آ گئیں۔ نومبر کے لیے برینٹ کروڈ کے عقود 1.78 ڈالر (1.71 فیصد) کی کمی کے ساتھ 102.09 ڈالر فی بیرل اور امریکی ڈبلیو ٹی آئی کے اکتوبر کے عقود 1.97 ڈالر (1.96 فیصد) کی کمی کے ساتھ 98.33 ڈالر فی بیرل پر آ گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp